وزیرِ مملکت خزانہ اور ریلوے بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ معاشی استحکام کو پائیدار اور برآمدات پر مبنی معاشی ترقی میں بدلنے پر کام کر رہے ہیں۔
بلال اظہر کیانی نے جرمنی کی سفیر اِنا لاپیل سے ملاقات کی، اس دوران ڈپٹی ہیڈ آف مشن آرنو کِرچَوف اور اکنامک کونسلر جینین روہور بھی ملاقات میں شریک ہوئے۔
بلال کیانی اور جرمن سفیر کے درمیان دوطرفہ ملاقات کے دوران جرمنی اور پاکستان کے دوطرفہ تعلقات اور اقتصادی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیرِ مملکت اور جرمن سفیر نے ملاقات کے دوران پاکستان جرمنی تعلقات کے فروغ کے لیے قریبی رابطوں کے عزم کا اعادہ کیا۔
اس موقع پر بلال کیانی نے کہا کہ معاشی استحکام کو پائیدار اور برآمدات پر مبنی معاشی ترقی میں بدلنے پر کام کر رہے ہیں، ایم ایل 1 اور ایم ایل 3 ریلوے ٹریک کے منصوبوں میں پیشرفت ہوئی ہے۔
اس موقع پر جرمن سفیر اِنا لاپیل نے بڑھتے ہوئے دوطرفہ تعاون کا خیرمقدم کیا۔