پاکستان کی معروف اداکارہ ماہرہ خان نے اپنے چہرے میں تبدیلی سے متعلق افواہوں پر ردِعمل دے دیا۔
ماہرہ خان ہمسفر، شہرِ ذات، صدقے تمہارے، بن روئے، ہم کہاں کے سچے تھے اور رضیہ جیسے مقبول ڈراموں سے شہرت حاصل کر چکی ہیں، جلد اپنی نئی فلم نیلوفر میں جلوہ گر ہوں گی، اداکارہ کے دنیا بھر میں 11.7 ملین سے زائد مداح ہیں۔
حال ہی میں ماہرہ خان کی فلم نیلوفر کی پروموشنل تقریب کے دوران ان چہرے کے بدلے ہوئے نقش نے مداحوں کو حیران کر دیا تھا، جس کے بعد سوشل میڈیا پر چہ مگوئیاں شروع ہو گئیں کہ شاید انہوں نے کاسمیٹک سرجریز کروائی ہیں جس میں لپ فلرز، آئی برو لفٹ اور چہرے پر بوٹوکس شامل ہیں۔
ماہرہ خان نے اب ان افواہوں کی وضاحت ایک ویڈیو میں دی ہے۔ انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ میں ابھی لاہور سے واپس آئی ہوں اور سن رہی ہوں کہ لوگ کہہ رہے ہیں میں نے آئی برو لفٹ کروالی ہے، کیا میں آپ کو اپنی آئی برو لفٹنگ کی صلاحیت دکھاؤں؟
یہ کہہ کر انہوں نے اپنی بھنویں بالکل اسی انداز میں اٹھائیں جیسے ان کی وائرل ویڈیوز میں دیکھا گیا تھا۔
اس کے علاوہ ماہرہ خان نے ایک تنقیدی پوسٹ کا بھی جواب دیا جو بعد میں حذف کر دی گئی۔
اداکارہ نے وضاحت دیتے ہوئے لکھا کہ آپ سب کے پیار کا شکریہ، لیکن میں ابھی فیس لفٹ کیوں کرواؤں گی؟ میرے میک اپ آرٹسٹ نے بالوں کے ذریعے سنچیڈ لک دینے کے لیے کچھ ہیر لفٹ تکنیک استعمال کی تھی، جو دو حصوں میں کی گئی اور وہ ٹھیک طریقے سے نہیں ہوئی خیر، سبق سیکھ لیا۔
ماہرہ خان کے مداحوں نے ان کے اس باوقار، نرم دل اور مثبت رویے کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہی وہ خوبی ہے جو انہیں سب سے منفرد بناتی ہے۔