’’پولیس ریلیف فنڈز کورونا وائرس“ قائم ،عطیات جمع کرنے کاحکم

March 26, 2020

لاہور(کرائم رپورٹر سے،کرائم رپورٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب شعیب دستگیر کے احکامات پر کورونا وائرس سے متاثرہ عوام کی مدد اور دیگر امدادی کاموں میں حصہ ڈالنے کیلئے پولیس افسران وملازمین کی تنخواہوں سے عطیات جمع کروانے کے حوالے سے ہدایات جاری کی گئی ہیں اور اس سلسلے میں سنٹرل پولیس آفس سے مراسلہ جاری کرتے ہوئے پوری فورس سے عطیات جمع کرنے کاحکم دیا گیا ہے جس کے مطابق پولیس ریلیف فنڈ میں کانسٹیبل سے لے کر ڈی آئی جی لیول کے تمام افسران رضاکارانہ طور پر حصہ ڈالیں گے۔ ڈی آئی جی ویلفیئر شارق کمال نے کورونا وائرس کے دوران ہونے والے لاک ڈاؤن کی صورت حال کو مد نظر رکھتے ہوئے ”پولیس ریلیف فنڈز کورونا وائرس“ قائم کر دیا ہے جس میں پنجاب پولیس کے تمام افسران و اہلکار رضاکارانہ طور پر حصہ لیں گے ۔ اس فنڈز کی مدد سے لاک ڈاؤن کے دوران ضرورت مند شہریوں میں راشن اور ضروری اشیا تقسیم کی جائیں گی ۔ اس سلسلے میں’ ’پولیس ریلیف فنڈز کورونا وائرس“ میںڈی آئی جی سطح کے آفیسرز 3 ہزار روپے جمع کروائیں گے جبکہ ایس پی اور ایس ایس پی 2 ہزار روپے، ڈی ایس پیز 15 سو روپے ، انسپکٹرز ایک ہزار روپے ،سب انسپکٹرز 9سو روپے ، اے ایس آئیز800 روپے ، ہیڈ کانسٹیبلز 700 روپے جبکہ کانسٹیبلز 500 روپے جمع کروائیں گے تمام سربراہان یونٹ اس فنڈ کو متعلقہ سربراہان ضلعی پولیس کوجمع کروائیں گے اور ڈی پی اوزبذریعہ متعلقہ آر پی اوزاپنی رپورٹ برائے فنڈ مذکور، ویلفیئر برانچ، سنٹرل پولیس آفس پنجاب کو مورخہ30-03-2020تک بھجوائیں گے ۔