نیب کو احسن اقبال کیخلاف ریفرنس دائر کرنے کیلئے مزید مہلت مل گئی

March 26, 2020

نارووال سپورٹس سٹی کمپلیکس کیس میں قومی احتساب بیورو (نیب) کو احسن اقبال کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کیلئے مزید ایک ماہ کی مہلت مل گئی ۔

احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد بشیر نے نارووال اسپورٹس سٹی کیس کی سماعت کی جس میں مسلم لیگ نون کے رہنما احسن اقبال پر اختیارات کے غلط استعمال کا الزام ہے۔

کیس کی سماعت کے موقع پر کورونا وائرس حفاظتی تدابیر کے تحت احسن اقبال خود عدالت میں پیش نہ ہوئے ۔

احتساب بیورو کو عدالت نے ریفرنس دائر کرنے کے لئے آج تک کی مہلت دے رکھی تھی نیب نے عدالت سے ریفرنس دائر کرنے کے لئے مزید مہلت طلب کی جس پر عدالت نے نیب کو احسن اقبال کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کیلئے مزید ایک ماہ کی مہلت دے دی۔

واضح رہے کہ سابق وفاقی وزیر احسن اقبال نے ہائی کورٹ سے ضمانت حاصل کر رکھی ہے۔