پاکستان کے طبی عملے کا مشکور ہوں، نعمان اعجاز

March 26, 2020


معروف اداکار نعمان اعجاز کا کہنا ہے کہ وہ کورونا وائرس کی اِس مشکل گھڑی میں پاکستان کے تمام طبی عملے کے مشکور ہیں۔

گزشتہ روز پاکستان شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے معروف اداکار نعمان اعجاز نے تصویر اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنی ایک ویڈیو شیئر کی جس میں وہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے میں اہم کردار ادا کرنے والے پاکستان کے طبی عملے کی خدمات کو سراہتے نظر آرہے ہیں۔


نعمان اعجاز نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ ’ناصرف میں بلکہ ہم تمام پاکستانی، پاکستان کے طبی عملے کے نہایت ہی مشکور ہیں جو دن رات محنت کرکے اپنی جان پر کھیل کر ہماری جان کی حفاظت کے لیے کام کر رہے ہیں۔‘

اداکار نے کہا کہ ’آئیے ہم 27 مارچ شام 6 بجے اپنے گھروں کی چھتوں پر سفید رنگ کا پرچم لہرا کر اپنے اِس طبی عملے کو خراجِ تحسین پیش کریں۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’پاکستان کے ڈاکٹرز، نرسیں اور جتنا بھی طبی عملہ ہے ہم اُن کے مشکور ہیں، آپ کا بہت بہت شکریہ۔‘

آخر میں نعمان اعجاز نے ’پاکستان زندہ باد‘ کا نعرہ بھی لگایا۔

اداکار نے اپنی اِس پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ’آیئے ساتھ مل کر رہیں اور سب سے محبت کریں۔‘