• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


معروف گلوکار ہارون رشید نے سوشل میڈیا پر پاکستانیوں کے لیے کورونا وائرس کے حوالے سے ویڈیو کی صورت میں آگاہی پیغام دے دیا۔

گزشتہ روز پاکستان کے معروف گلوکار ہارون رشید نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر اپنے مداحوں کے لیے کورونا وائرس کے حوالے سے ایک ویڈیو پیغام جاری کیا۔

ہارون رشید نے اپنے ویڈیو میں کہا کہ ’آج کل ہم سب کافی مشکل وقت سے گُزر رہے ہیں لیکن میں  یہ ضرور کہنا چاہوں گا کہ حکومت کی طرف سے جو بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں ہمیں چاہیے کہ ہم اُن پر عمل کریں، اُن کی خلاف ورزی نہ کریں۔‘

ہارون رشید نے کہا کہ’آپ یہ نہیں سوچیں کہ اسکولز اور دفاتر بند ہیں تو ہم اِس کو ایک چھٹی کی طرح لیں گے۔‘

گلوکار نے کہا کہ ’بہت ضروری ہے کہ آپ اپنے گھروں میں رہیں اور صرف سودا سلف لانے کے لیے یا کسی ضروری کام کے لیے گھر سے باہر نکلیں۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’جب آپ گھر سے باہر نکلیں تو اُس وقت بھی آپ اِس بات کا خیال رکھیں کہ لوگوں سے کم از کم 6 فٹ کا فاصلہ رکھیں کیونکہ جب کوئی انسان کھانستا ہے تو اُس کے منہ سے نکلنے والے جراثیم 6 فٹ دور تک جاتے ہیں۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’کورونا سے بچاؤ کے لیے دوسری اہم بات یہ ہے کہ آپ جب بھی کسی چیز کو ہاتھ لگائیں تو اپنے ہاتھ ضرور دھوئیں کیونکہ کورونا وائرس کسی بھی سطح پر 3 دن تک زندہ رہ سکتا ہے اِس لیے ضروری ہے کہ آپ بار بار اپنے ہاتھ صابن اور پانی سے 20 سیکنڈز تک دھوئیں۔‘

ہارون رشید نے کہا کہ ’میں یہ بھی کہنا چاہوں گا کہ اگر آپ کو کورونا کی علامات ظاہر ہوں جیسے نزلہ، کھانسی ، بخار اور سانس لینے میں دشواری ہو تو آپ کے لیے ضروری ہے کہ آپ اپنا ٹیسٹ کروائیں اور اپنے آپ کو قرنطینہ میں رکھیں۔‘

گلوکار نے کہا کہ ’آخر میں یہ کہوں گا کہ آپ کے گھر میں جو بھی بزرگ ہیں کوشش کریں کہ اُن سے تھوڑا احتیاط کریں کیونکہ بہت سے ایسے لوگ بھی ہیں جن کو کورونا کی علامات ظاہر نہیں ہوئی ہیں لیکن پھر بھی اُن کو کورونا کا مرض لاحق ہوگیا ہے۔‘

یہ بھی پڑھیے: ایک قوم بن جائیں گھروں سے ہر گز نہ نکلیں، ثریا ملتانیکر

اُنہوں نے کہا کہ ’اِن دِنوں میں بہت احتیاط کریں، پرہیز کریں اور اپنا خیال رکھیں۔‘

ہارون رشید نے یہ ویڈیو ٹوئٹر پر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’میرے پاکستانی بھائیوں کے لیے حفاظتی پیغام۔‘

گلوکار نے اپنے ٹوئٹ میں کچھ ہیش ٹیگ بھی استعمال کیے COVID19Pakistan ، StopTheSpreadOfCorona  اور CoronavirusPandemic۔

واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 1ہزار 22 ہوگئی ہے، 8 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جبکہ 21 افراد کورونا کو شکست دینے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔

تازہ ترین