پی ایس ایل کے غیر ملکی کھلاڑیوں کی تنہائی کا عمل جاری

March 27, 2020

کورونا وائرس سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر کے طور پر پاکستان سُپر لیگ میں شرکت کرنے والے انٹرنیشنل کرکٹرز کی تنہائی کا عمل جاری ہے۔

لاہور قلندرز کی نمائندگی کرنے والے آسٹریلوی کرکٹرز بین ڈنک اور کرس لین، نیوزی لینڈ کے کولن منرو اور جنوبی افریقا کے ڈیل اسٹین تاحال قرنطینہ میں موجود ہیں۔

پی ایس ایل میں شرکت کے بعد کئی انٹر نیشنل کرکٹرز اب آئیسو لیشن کے مرحلے سے گزر رہے ہیں۔

تنہائی میں موجود ان کرکٹرز نے اپنی سرگرمیاں اور تبصرے سوشل میڈیا کے ذریعے سامنے لانا شروع کردیئے ہیں۔

پی ایس ایل فائیو میں لاہور قلندرز کی نمائندگی کرنے والے آسٹریلوی کرکٹر بین ڈنک نے سوشل میڈیا کے ذریعے بتایا کہ پاکستان سے واپسی کے بعد اُن کو آئسولیشن میں گئے نو دن ہو گئے ہیں۔

بائیں ہاتھ کے بیٹسمین نے کہا کہ موجودہ صورتحال اب سنجیدہ ہو تی جا رہی ہے۔

لاہور قلندرز کے ایک اور آسٹریلوی کرکٹر کرس لین بھی آئی سولیشن میں وقت گزار رہے ہیں، اُنہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال سے نکلنے کے لیے متحد ہونے کی ضرورت ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ اپنی جگہ پر رہتے ہوئے ہمیں پروفیشنلز پر اعتماد کرنا ہوگا، کرس لین آئسولیشن کے دوران آن لائن کوچنگ میں مصروف ہیں۔

پی ایس ایل میں حصہ لینے والے دیگر کرکٹر نیوزی لینڈ کے کولن منرو اور جنوبی افریقی فاسٹ بولر ڈیل اسٹین بھی تنہائی میں وقت گزار رہے ہیں جبکہ کمنٹیٹر مائیکل سلیٹر بھی پاکستان سے جانے کے بعد آئیسو لیشن میں وقت گزار رہے ہیں۔