مکمل لاک ڈاؤن سے ہی مطلوبہ نتائج مل سکتے ہیں‘بلاول

March 28, 2020

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ لاک ڈائون کو مکمل طور پر نافذ کرنے سے ہی مطلوبہ نتائج حاصل کئے جاسکتے ہیں‘ پولیس اہل کار و افسران شہریوں سے اپنے روئیے کو ہر ممکن حد تک بہتر بنائیں،غریب افراد کو لاک ڈائون کے دوران راشن کی منصفانہ تقسیم کو ہر صورت میں یقینی بنایا جائے‘ حکومت اکیلے کچھ نہیں کرسکتی، مخیر حضرات کو آگے آنا ہوگا۔ بلاول بھٹوکی سربراہی میں کرونا وائرس سے بچائو کے حوالے سے ضلع لاڑکانہ کا ویڈیو لنک اجلاس ہوا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ لاڑکانہ کے عوام کو ایسے وقت میں ہم تنہا نہیں چھوڑیں گے‘لاڑکانہ کی انتظامیہ کو کہا کہ سماجی فاصلے کو یقینی بنانے کیلئے ایسی شخصیات کو استعمال کیا جائے جن کا مقامی سطح پر اثرورسوخ ہے‘بلاول بھٹو نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کہ وہ مقامی کسانوں کو سپورٹ کریں تاکہ فوڈ سپلائی کے نہ ٹوٹنے کو ممکن بنایا جائے‘بلاول بھٹونے اس موقع پر ضلعی انتظامیہ کو لاڑکانہ میں ایچ آئی وی سے متاثرہ افراد کا خصوصی خیال رکھنے کی بھی ہدایت کی، انہوں نے پولیس افسران کو کہا کہ لاک ڈان کے دوران اہل کار و افسران شہریوں سے اپنے روئیے کو ہر ممکن حد تک بہتر بنائیں، پولیس کے پاس زیادہ اختیارات کا مطلب یہ نہیں کہ اس کا غلط استعمال ہو، اس موقع پر فریال تالپور نے زور دیا کہ ہمیں لاڑکانہ میں ایک ایسا نظام بنانا ہوگا کہ ضلع کا کوئی ایک فرد بھوکا نہ رہے۔