کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے ملک میں لاک ڈاؤن کاسلسلہ جاری

March 28, 2020

کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے ملک بھر میں لاک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے۔ لوگ گھروں میں محدود اور سڑکیں ویران ہیں، پولیس، رینجرز اور پاک فوج کے اہل کار گشت کررہے ہیں۔

صوبائی حکومت نے سندھ میں لاک ڈاؤن مزید سخت کردیا ہے، لاک ڈاؤن کے چھٹے روز سبزی، کریانہ، دودھ دہی اور میڈیکل اسٹورز صبح 8 سے شام 5 بجے تک کھولنے کی اجازت دی گئی ہے، پبلک ٹرانسپورٹ مکمل بند اور سڑکیں سنسان ہیں۔

پنجاب میں لاک ڈاؤن کا آج پانچواں روز ہے، تمام کاروباری و تجارتی مراکز بند ہیں، کریانہ اور جنرل اسٹور رات 8 بجے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

بلوچستان، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزادکشمیر میں بھی کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے پانچویں روز لاک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے۔

پولیس، رینجرز اور پاک فوج کے دستے تعینات ہیں اور لوگوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی جارہی ہے۔