مساجد منتظمین کا باجماعت نمازوں کی ادائیگی سے روکنا ممکن نہیں،مولانا راشد سومرو

March 29, 2020

کراچی(اسٹاف رپورٹر)جے یو آئی(ف) سندھ کے صدر مولانا راشد سومرو نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا سے قوم نے باہم مل کر بچنا اور دوسروں کو بچانا ہے،قوم آزمائش کی گھڑی سے گزر رہی ہے، ہمیں اپنے اعصاب پر قابو پانا ہوگا،ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی نائب امیر مولانا عبدالکریم عابد اور محمد سمیع سواتی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،مولانا راشد سومرو نے کہا کہ سندھ میں جمعے کے محدود اجتماعات کے باوجود خطباء کیخلاف مقدمات کے اندارج کی مزمت کرتے ہیں،مقدمات ختم نہ کئے تو حکومتی پابندیوں کو خاطر میں نہیں لائیں گے،ہم کورونا کیخلاف نبرد آزما ہیں آئمہ و خطباء پر من گھڑت مقدمات برداشت نہیں کریں گے،جے یو آئی کے کارکنان کورونا وائرس کی وباء کی روک تھام کیلئےحکومتی اقدامات پر عمل پیرا ہیں،آ ئمہ و خطباء اورمساجد کی انتظامیہ عوام کو باجماعت نمازوں کیلئے مدعو نہیں کررہے،مساجد منتظمین کا عوام کو باجماعت نمازوں کی ادائیگی سے روکنا ممکن نہیں،عوام کو روکنے کا عمل قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ذمہ داری ہے، آئمہ وخطباء کرام کیخلاف من گھڑت مقدمات پر تحفظات ہیں فوری ختم کئے جائیں،اعلی حکام نے رابطوں پر یقین دہانی کرائی ہے کہ علماء کیخلاف مقدمات فی الفور ختم کئے جائیں گے،انہوں نے کہا کہ حکومت یومیہ اجرت پر کام کرنے والوں کو فوری ریلیف دے،گھروں کے چولہے بجھ چکے حالات سنگین ہیں فوری اقدامات کئے جائیں، مولانا راشد سومرو نے جے یو آئی سندھ کے تمام اضلاع کے ذمہ داران، کارکنان اور عوام سے اپیل کی کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے جملہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں،مساجد میں باجماعت نماز کو انتہائی محدود افراد تک رکھیں۔