مودی نے لاک ڈائون پر عوام سے معافی مانگ لی

March 30, 2020

نئی دہلی(پی پی آ ئی) بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ کورونا وائرس نے پوری دنیا کو بحران میں ڈال دیا ہے اور اس کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ملک میں لاک ڈائون کرنا پڑا جس کی وجہ سے بہت سے لوگوں خاص طور سے غریبوں کو دقت ہو رہی ہے۔ لہٰذا میں ان سے معذرت خواہ ہوں۔بھارتی میڈیا کے مطابق مودی نے اتوار کو ریڈیو سے نشر اپنے ماہانہ پروگرام’من کی بات‘ میں کہا کہ یہ زندگی اور موت کی جنگ ہے اور کورونا وائرس کو ہرانا ہے ،اس کے لئے وقت پر لاک ڈائون کا فیصلہ لینے کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نہیں تھا اس لیے یہ قدم اٹھانا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈائون سخت قدم ہے لیکن اگر یہ قدم نہیں اٹھایا جاتا تو بحران مزید تیزی سے بڑھتا۔ اس بیماری کے انفیکشن سے نجات کا یہی ایک طریقہ تھا۔انہوںنے کہا کہ اس اقدام سے غریب بہت متاثر ہوئے ہیں۔ اس اقدام کی وجہ سے غریب زیادہ پریشان ہیں لہذا ان سے معافی مانگتا ہوں۔