کوروناوائرس کاخوف

March 30, 2020

تحریر:محمد سعید مغل ۔۔ برمنگھم
کورونا وائرس جس نے پوری دنیا کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ چائنہ، امریکہ، برطانیہ اور اٹلی کے علاوہ دوسری سپر طاقتیں بھی اس کی زد میں آگئی ہیں، کسی کے پاس کوئی حل نہیں اور نہ ہی موجودہ سائنس اور جدید ٹیکنالوجی اس کا حل نکال سکی ہے کیونکہ جب اللہ تعالیٰ کی طرف سے کوئی عذاب یا بیماری آتی ہے تو دنیا کی کوئی طاقت روک نہیں سکتی۔ اس موذی بیماری کا خوف اور دہشت میڈیا کے ذریعے پھیلا دی گئی ہے۔ ہر انسان موت سے ڈر رہا ہے جبکہ ہمارا ایمان ہے موت کا وقت اور جگہ کا تعین اللہ تعالیٰ نے کیا ہوا ہے جو ایک لمحہ بھی آگے پیچھے نہیں ہوسکتا۔ آج کے مسلمانوں کے ایمان اتنے کمزور ہیں کہ اس خوف کی وجہ سے ماسک پہنے ہوئے ہیں اورکہتےہیں مصافہ نہ کرو، گلے نہ ملو وائرس لگ جائے گا، جراثیم لگ جائیں گے جب کہ مسلمانوں کی مساجد بند کی جارہی ہیں اور باجماعت نمازیں پڑھنے سے روکا جارہا ہے۔ کاروباری حضرات نے اشیاء خورد و نوش کی قیمتوں کو بڑھا دیا ہے، خوراک کا ذخیرہ کرلیا ہے جب کے اسلام ہمیں یہ سکھاتا ہے مشکل وقت میں ایک دوسرے کی مدد کرو، پڑوسی بیمار ہو، مصیبت میں ہو اس کی مدد کرو لیکن ہم اس کے برعکس عمل کررہے ہیں، میڈیا دن رات امریکہ اور یورپین ممالک کوہائی لائٹ کررہا ہے کہ فلاں ملک میں اتنی اموات ہوئی ہیں اس سے بچو، دن رات پروپیگنڈا کیا جارہا ہے، اس سے عوام پریشان اور ڈر گئے ہیں۔ دنیا میں صرف ترکی کے صدر نے اعلان کیا ہے کہ ہم مساجد نہیں بند کر یں گے، میں ان کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جس نے اللہ پر بھروسہ کرتے ہوئے جرأت مندانہ اعلان کیا ہے ورنہ تمام مسلم ممالک بشمول علماء اکرام اور مذہبی اسکالر امام مسجد ڈر سے مساجد نہیں جارہے ہیں کہ کورونا وائرس ہوجائے گا جب کہ موت کا وقت مقرر ہے جہاں لکھا ہوا ہے وہاں ہی آئے گی کوئی روک نہیں سکتا۔ اللہ کو یاد کیا جائے دعائیں مانگی جائیں تو اللہ ایسی بیماریوں سے نجات دیتا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے امتحان میں ڈالا ہے مسلمانوں باز آجائو اللہ تعالیٰ کی پکڑ بہت سخت ہے۔ اس قسم کی موذی بیماریوں سے بچنے کا واحد راستہ انصٓاری اور اللہ کو یاد کرنے میں ہے۔ آج کورونا وائرس سے جتنا ڈرتے ہو اتنا اللہ تعالیٰ سے ڈریں تو کوئی بیماری نزدیک نہیں آسکتی۔ دنیا میں ہر بیماری ہر مشکلات اور پریشانیوں کا علاج ہماری کتاب قرآن مجید میں موجود ہے۔ تمام معاملات کا حل موجود ہے۔ آج کورونا وائرس کے باعث ہمارے مسلم ممالک کے سربراہوں نے نمازیں گھروں میں پڑھنے کے اعلان کردیئے ،خانہ کعبہ میں طواف پر پابندی لگادی جہاں بیماروں کو شفا ملتی ہے۔ سائنس اور ٹیکنالوجی یقیناً ایک علم ہے لیکن 14سو سال پہلے اللہ تعالیٰ نے رسول اللہ صلی علیہ وسلم کے ذریعہ ہر چیز اپنی کتاب کے ذریعہ بتادی ہے کہ دنیا میں کیا کیا ہوگا جو سرزمین گناہوں سے بھر جائے، بے حیائی، جھوٹ اور غیرشرعی حرکتیں ہوں وہاں اللہ کا عذاب نازل ہوتا ہے جیسے پہلی قوموں پر ہوا ہے۔ پوری دنیا کے ممالک کی معیشت تباہ ہوگئی ہے لیکن اس بیماری کا کوئی علاج نہیں نکال سکے۔ اللہ کے ہاں گڑ گڑا کر دعائوں سے ایسی بیماریوں سے نجات مل سکتی ہے۔ احتیاط ضروری ہے مگر دہشت اتنی پھیلا دی گئی ہے کہ پوری دنیا افراتفری میں مبتلا کردی گئی ہے اس سے دنیا کے بڑے بڑے سائنٹس اور مذہبی سکالر بھی کچھ کہنے سے بے بس ہیں۔ اللہ تعالیٰ کا ایک قانون ہے اس کا قانون آخر تک چلے گا جس نے پوری دنیا، کائنات کو بنایا ہے جو وہ جانتا ہے کوئی نہیں جانتا۔ بس اللہ کی عبادت کرو وہ ہی ایسی بیماریوں سے نجات دےگا، اس کے ہاں سجدہ کرو وہ معاف کرنے والا ہے بیماریوں سے نجات دے گا۔