ایڈیٹر انچیف جنگ جیو گروپ کی گرفتاری معاملہ کورٹ میں، فواد چوہدری جیل میں مشکل پیدا ہوگئی تو ذمہ داری کون لے گا، مرتضیٰ وہاب

March 30, 2020

کراچی (ٹی وی رپورٹ) وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ایڈیٹر انچیف جنگ جیو گروپ کی گرفتاری کا معاملہ کورٹ میں ہے اس پر کچھ نہیں کہا جاسکتا جبکہ ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ جسے سزا نہیں ہوئی اسے جیل میں رکھنے سے مشکل پیدا ہوگئی تو ذمہ داری کون لے گا۔ جیو کے پروگرام ’جیو پارلیمنٹ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے وفاق کے نمائندہ سینئر وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی کے وارنٹ اور جنگ جیو کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری پر صحیح مؤقف ترجمان نیب واضح کر سکتے ہیں ، جب تک معاملہ کورٹ میں ہیں اس پر کچھ نہیں کہا جا سکتا ۔ ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایڈیٹر انچیف جنگ جیو گروپ میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری پر بات کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ ہماری جماعت پہلے ہی اس کی مذمت کر چکی ہے ، ان حالات میں جہاں ہم سماجی دوری کی ہدایات دے رہے ہیں ایسے میں ہماری ترجیح یہی ہونی چاہیے کہ جس جس کو ہم باہر نکال سکتے ہیں ان کو نکالیں ، جس شخص کو ابھی سزا نہیں ہوئی ہے اس کو جیل میں رکھنے سے کسی قسم کی مشکل پیدا ہو جاتی ہے تو اس کی ذمہ داری کون لے گا۔