امریکا اور یورپی ممالک کی حکومتیں پاکستانی سفارتکاروں کو سہولتیں فراہم نہیں کررہیں

March 30, 2020

اسلام آباد(صالح ظافر) امریکا اور یورپی ممالک کی حکومتیں پاکستانی سفارتکاروں کو سہولتیں فراہم نہیں کررہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکرٹری خارجہ نے تمام سفارت کاروں کو مشکل صورت حال آنے پر ہیڈکوارٹر رپورٹ کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ تفصیلات کے مطابق، کورونا وائرس کی وجہ سے امریکا اور یورپی ممالک کے سفارت خانوں میں موجود سفارت کاروں کی مقامی حکومتیں سنوائی نہیں کررہی ہیں۔ جب کہ پاکستان کے سیکرٹری خارجہ سہیل محمود دنیا بھر میں پاکستانی سفارت کاروں سے صحت کے حوالے سے مسلسل رابطے میں ہیں۔ باوثوق ذرائع نے دی نیوز اور جنگ کو بتایا ہے کہ سیکرٹری خارجہ نے تمام سفارت خانوں کو کہا ہے کہ وہ کسی بھی مشکل صورت حال کے باعث فوری طور پر ہیڈکوارٹر رپورٹ کرسکتے ہیں۔ نیو یارک میں متعین ایک سینئر سفارت کار نے اس نمائندے کو بتایا ہے کہ امریکی حکام سے جب ایمرجنسی صورت حال کے پیش نظر سفارت کاروں کے لیے کیے گئے اقدامات سے متعلق پوچھا گیا تو انہوں نے واضح طور پر کہا کہ سفارت کار بھی مقامی افراد کی طرح مقامی اسپتالوں سے رابطہ کریں۔