کورونا وائرس پھیپھڑوں کوشدید متاثر کرتا ہے

March 30, 2020

کورونا وائرس پھیپھڑوں کوشدید متاثر کرتا ہے

کورونا وائرس پھیپھڑوں کو بری طرح متاثر کرتا ہے جس سے سانس لینا مشکل ہوجاتا ہے، سگریٹ نوشی کرنے والوں کو اس وائرس سے اور زیادہ خطرہ ہوتا ہے کیونکہ ان کے پھیپھڑے پہلے ہی کم زور ہوتے ہیں۔

امریکا کے جارج واشنگٹن اسپتال میں خدمات انجام دینے والے ڈاکٹر کیتھ مارگن کے مطابق پھیپھڑوں کا یہ اسکین کورونا کے ایک مریض کا ہے جس کی عمر پچاس برس تھی، مریض کورونا کی بنیادی علامات کے ساتھ اسپتال لایا گیا تھا۔

ڈاکٹر کے مطابق پھیپھڑوں کا نیلا حصہ صحت مند عضو کو ظاہر کررہا ہے جبکہ پیلا حصہ کورونا وائرس سے متاثر ہے، عام فلو یا نمونیا میں پھیپھڑوں کا ایک چھوٹا ساحصہ متاثر ہوتاہے جس کی وجہ سےان کی زندگی کو زیادہ خطرات لاحق نہیں ہوتے۔

ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ وائرس پھیپھڑوں کوتباہ کرکے سانس لینا مشکل بنادیتا ہے اور بعض صورتوں میں مریض کی موت واقع ہوجاتی ہے۔

ڈاکٹر نے یہ اسکین اس لیے جاری کیا ہے تاکہ اسے دیکھ کر لوگ اندازہ کریں کہ کورونا وائرس کس قدر مہلک ہوسکتا ہے، اس لیے گھروں سے باہر نکلنے یا گھروں میں پارٹیاں کرنے سے گریز کریں۔