ابتدائی طور پر پرائیویٹ ہسپتالوں میں پچاس پچاس بستر مختص کیے گئے ہیں ،ڈاکٹرالفرید ظفر

March 31, 2020

لاہور(جنرل رپورٹر)موجود ہ صورتحال کے پیش نظر لاہور جنرل ہسپتال کی انتظامیہ نے دو قریبی نجی ہسپتالوں میں کوروناوارڈز اور آئی سی یو بنانے کے پیشگی انتظامات مکمل کر کے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکس کا ڈیوٹی روسٹر مرتب کر لیا۔پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد الفرید ظفر نے گزشتہ روز دونوں ہسپتالوں کا دورہ کیا اور انتظامیہ کو ضروری ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہمہ وقت چاک و چوبند اور چوکس رہتے ہوئے اپنے فرائض کی بہتر انداز میں انجام دہی کریں اور کسی قسم کی کوتاہی نہ برتیں۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پرنسپل الفرید ظفر کا کہنا تھا کہ ایل جی ایچ کے کورونا آئسولیشن وارڈ میں ایک ہفتہ ڈیوٹی مکمل کرنے والے ملازمین کو 15دن کی رخصت دے دی گئی اور ان کی جگہ نئے سٹاف نے ذمہ داریاں سنبھال لیں ہیں۔پرنسپل نے بتایا کہ ابتدائی طور پر پرائیویٹ ہسپتالوں میں پچاس پچاس بستر مختص کیے گئے ہیں اور ضرورت پڑنے پر ان کی تعداد میں مزید اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ جبکہ ان ہسپتالوں میں انتہائی نگہداشت وارڈ کی سہولت بھی میسر ہو گی۔