وزیراعظم کورونا مریضوں سے اچھوتوں جیسے سلوک پر برہم

March 31, 2020

وزیراعظم کورونا مریضوں سے اچھوتوں جیسے سلوک پر برہم

وزیراعظم عمران خان نے کورونا کے مریضوں سے اچھوتوں جیسا سلوک کرنے پر برہمی کا اظہار کردیا۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ مریضوں کی قرنطینہ منتقلی میں ان کی عزت نفس کو مجروح نہ کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے غذائی اجناس کی نقل و حمل روکنے پر بھی برہمی کا اظہار کیا اور رینجرز کو گڈز ٹرانسپورٹ کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کی ہدایت کردی۔

فردوس اعوان نے مزید کہا کہ وفاقی کابینہ نے معاشی تحرک کےلیے 1200 ارب روپے کے پیکیج اور 3 سال کے لیے سکوک بانڈز کے اجراء کی منظوری دی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کابینہ اجلاس میں کورونا وائرس کی آڑ میں سیاست کا گندا کھیل کھیلنے پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا گیا۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی نے یہ بھی کہا کہ اپوزیشن لیڈر اس لیے بھی پریشان ہیں کہ ان کے پاس کرنے کو کچھ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کمپیوٹر کے سامنے ماسک پہن کر سیاسی آکسیجن حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔