ملک بھرمیں کورونا سے بچاؤ کے لیے لاک ڈاؤن کا گیارہواں روز

April 02, 2020

ملک بھر میں کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے جاری لاک ڈاؤن کے گیارہویں روز بھی ملک کے تمام شہروں میں شاپنگ مالز، کیفے، ریستوران اور تفریحی مقامات بدستور بند ہیں۔

اسلام آباد اور راولپنڈی میں کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے جزوی لاک ڈاؤن میں شہریوں کو مسلسل گھروں میں رہنے کی اپیل کی جا رہی ہے مگر اس کے باوجود سڑکوں پر رش بڑھ رہا ہے۔

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سخت ایکشن لیے جانے کے احکامات بھی جاری ہوئے مگر بہت سے لوگ اب کوئی خاص پرواہ نہیں کر رہے۔

راولپنڈی اسلام آباد میں بنیادی ضرورت کی اشیا کی دکانوں کے علاوہ تمام تجارتی مراکز بند ہیں۔

جڑواں شہروں میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے عوام کی نقل و حرکت پر نظر رکھی جا رہی ہے، مگر پہلے کی نسبت اب زیادہ لوگ لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرکے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خطرات بڑھا رہے ہیں۔