سندھ حکومت عمل نہیں صرف بیان بازی کر رہی ہے،اشرف قریشی

April 05, 2020

کراچی(اسٹاف ر پو ر ٹر) پی ٹی آئی کےمرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل اشرف قریشی نے ہفتے کوانصاف ہاوس سیکریرٹریٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت کو دنیا میں صرف یہ دکھانا ہے کہ ہم مظلوم اور متاثر ہ ہیں ، سرکاری اسپتالوں میں او پی ڈی بند کر دی گئی،دیگر امراض میں مبتلا افرادکہاں جائیں۔سندھ حکومت کہاں ہے؟ صرف دعوے اور وعدے کیے جارہے ہیں، پی ٹی آئی نے سندھ حکومت کو مکمل موقع دیا، اور ہم خاموش رہے،مگراب خاموش نہیں رہا جاسکتا۔ اس موقع پر رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین، سربراہ بیت المال سندھ حنید لاکھانی اور مرکزی ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات ہنس مسرور بھی موجود تھے۔ اشرف قریشی نے مزید کہا کہ سندھ حکومت محض بیان بازی کر رہی ہے، عملی اقدمات نہیں ہیں۔اگر سندھ حکومت کے بس کی بات نہیں ہے تو معاملات ہمارے حوالے کردے۔ہمیں شرجیل میمن کو فوکل پرسن بنانے پر شدید تحفظات ہیں، اب سندھ حکومت چور اور ڈاکوئوں کو فوکل پرسن بنا رہی ہے۔اس خوف و ہراس کی فضا کی وجہ سے کورونا کا مریض اسپتالوں تک نہیں آئے گا۔ حنید لاکھانی نے کہا کہ 20 لاکھ راشن بیگز لوگوں کے گھروں تک سیلانی کے ذریعے بھجوا رہے ہیں، اگر یہ فلاحی ادارے نہیں ہوتے تو عوام میں شدید افراتفری ہوتی۔ حکومت سندھ کی کارکردگی صفر ہے۔