مقبوضہ کشمیرمیں ڈومیسائل کامتنازع قانون عالمی قوانین کی خلاف ورزی، او آئی سی

April 05, 2020

اسلام آباد(نامہ نگار خصوصی) اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کے ضمن میں بھارتی حکومت کی جانب سے متعارف کرائے گئے نئے ڈومیسائل قانون کی شدید مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیرمیں ڈومیسائل کامتنازع قانون عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے ۔تنظیم کے انسانی حقوق کیلئے آزاد مستقل کمیشن نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ بھارت کی جانب سے حالیہ اقدام چوتھے جنیوا کنونشن، او آئی سی اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں سمیت بین الاقوامی انسانی حقوق کے قوانین کی خلاف ورزی ہے۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ قانون میں تبدیلی مقبوضہ جموں و کشمیر کی آبادیاتی اورجغرافیائی پوزیشن تبدیل کرنے کی کوشش ہے۔ کمیشن نے بھارت سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرے ظالمانہ قوانین ختم اور کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دے۔