گرانفروشوں کوایک لاکھ 89 ہزار جرمانے

April 05, 2020

راولپنڈی(نمائندہ جنگ) ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر ) انوار الحق نے کہاہے کہ ایسے ناجائز منافع خوروں کے خلاف سخت آپریشن کیا جارہا ہے جو روز مرہ استعمال کی اشیاء مہنگے داموں فروخت کرکے صارفین کیلئے مشکلات پیدا کررہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس مقصد کیلئے ضلعی اور تحصیل کی سطح پر پرائس مجسٹریٹ فعال ہیں اور روزانہ کی بنیادوں پر اپنی تحصیلوں کے مارکیٹوں بازاروں میں واقع دوکانوں کے دورے کرکے سرکاری طور پر منظور شدہ پرائس لسٹ کے مطابق اشیائے صرف کی فروخت یقینی بنا رہے ہیں ۔ کیپٹن (ر ) انوار الحق نے کہا کہ ناجائز منافع خوروں کے خلاف قانونی کاروائی جاری رہے گی اور جو لوگ پرائس کنٹرول ایکٹ کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے جائیں گے انہیں قرار واقعی سز ائیں ملیں گی ۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایاکہ گزشتہ روز راولپنڈی میں 548 مقامات پر چھاپے مارے گئے اور 83 دکانوں پر اشیائے ضروریہ کی مقررہ قیمتوں سے زائد وصولی پر قصور وار پانے جانے والے دکانداروں کو ایک لاکھ 89 ہزار روپے جرمانے کئے گئے ۔