بلجیم میں 24گھنٹوں میں مزید 164 افراد کورونا سے ہلاک

April 06, 2020

برسلز (نمائندہ جنگ) بلجیم میں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران مزید 164 افراد کورونا وائرس سے ہلاک ہوگئے ہیں جس کے بعد مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 1447 ہوگئی ہے۔ فیڈرل ہیلتھ منسٹری کے جانب سے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق بلجیم میں گذشتہ 24 گھنٹوں میں 1260 نئے مریض سامنے آچکے ہیں اس طرح بلجیم میں COVID-19 سے متاثرہ مریضوں کی تعداد بھی مزید اضافے کے ساتھ 19691 ہوگئی ہے۔ فیڈرل ہیلتھ منسٹری کے مطابق اسی دوران 499 نئے مریضوں کو ہسپتال بھی پہنچایا گیا۔ اس طرح اس وقت ہسپتالوں میں کورونا کے سبب داخل مریضوں کی تعداد 5735ہوگئی ہے۔ خوشخبری یہ ہے کہ اسی دوران 504 افراد صحت یاب ہونے کے بعد ہسپتال سے ڈسچارج کر دیئے گئے ہیں۔ اس طرح یہ پہلا دن ہے جب کورونا وائرس کا شکار ہو کر ہسپتال جانے والوں کے مقابلے میں صحت یاب ہونے والوں کی تعداد زیادہ ہے۔