مقبوضہ کشمیر، مجاہدین کے حملے میں 8 بھارتی فوجی ہلاک، انڈین فورسز کا 5 درانداز مارنے کا دعویٰ

April 07, 2020

کراچی (نیوز ڈیسک) مقبوضہ کشمیر میں مجاہدین کے حملے میں 8بھارتی فوجی ہلاک ہوگئے ، بھارتی فورسز نے 5دراندازوں کو مارنے کا دعویٰ کردیا ،دوسری جانب مقبوضہ وادی میں تعینات مزید 2فوجیوں نے خودکشی کرلی ۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں جاری فوجی آپریشن کے دوران اسے بڑا نقصان اٹھانا پڑا ہے ، مجاہدین کے حملے میں 8انڈین کمانڈوز ہلاک ہوگئے ، کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حملہ کپواڑہ میں جاری بھارتی فوجی آپریشن کے دوران ہواجس میں بھارتی فوج کے جونیئر کمیشن آفیسر سمیت 8اہلکار مارے گئے ، ٹائمز آف انڈیا کے مطابق بھارتی فوج کی اسپیشل کمانڈو فورس کے 5کمانڈرز دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ہلاک ہوئے، بھارتی میڈیا کے مطابق آپریشن کے دوران جاسوس ڈرون طیاروںاور ہیلی کاپٹرز نے بھی حصہ لیا، بھارتی میڈیا نے مزید دعویٰ کیا ہے کہ دراندازوں کو ہیلی کاپٹرز کے ذریعے سے کیرن سیکٹر پہنچایا گیا تھا ، دوسری جانب مقبوضہ وادی کے باندی پورہ اور سامبا ڈسٹرکٹ میں دوانڈین فوجیوں نے خودکشی کرلی ، ستیندرا کمار نامی فوجی اہلکار نےباندی پورہ کے راشڑیہ کیمپ میں خود کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا ، دوسرے فوجی نے سامبا ڈسٹرکٹ میں واقع بارڈر روڈ کیمپ میں گولی مار کر اپنی زندگی کا خاتمہ کردیا ، ان دونوں کی خودکشی کے بعد جنوری 2017ء کے بعد سے اب تک مقبوضہ کشمیر میں خودکشی کرنے والے والے بھارتی فوجیوں کی تعداد 449ہوگئی ہے۔