بھارہ کہو اور شہزاد ٹائون کو محکمہ صحت کی کلیئرنس کے بعد کھولنے کا فیصلہ

April 07, 2020

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) وفاقی دارالحکومت کی ضلعی انتظامیہ نے بھارہ کہو اور شہزاد ٹاون کو محکمہ صحت کی کلیرنس کے بعد کھولنے کا فیصلہ کیا ہے ،چند مشتبہ مریضوں کی ٹیسٹ رپورٹس آنا باقی ہیں جس کے باعث دونوں علاقوں کو ڈی سیل کرنے کا فیصلہ موخر کیا گیاہے ۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات کے مطابق بھارہ کہو اور شہزاد ٹائون کو ڈی سیل کرنے کا حتمی فیصلہ محکمہ صحت کی منظوری کے بعد کیا جائے گا ۔ دونوں علاقوں میں کچھ مشتبہ مریضوں کی رپورٹس آنا باقی ہیں ، مشتبہ مریضوں کی رپورٹس منفی آنے کی صورت میں دونوں علاقوں کو ڈی سیل کر دیا جائے گا ۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ بیرون ممالک سے فلائٹس کا سلسلہ بھی جاری ہے اور ان مسافروں کی ٹیسٹنگ بھی کی جا رہی ہے ایسی صورت میں ضلعی انتظامیہ کسی قسم کا رسک نہیں لے سکتی اس لئے شہزاد ٹائون اور بہارہ کہو کے علاقوں کو مکمل کلیئرنس کے بعد ہی ڈی سیل کیا جائے گا ۔