ایمرجنسی سروس ریسکیو1122دیر کے عوام کا دیرینہ مسئلہ تھا،شفیع اللہ

April 09, 2020

پشاور(نیوزڈیسک) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے انسداد بد عنوانی ملک شفیع اللہ خان نے کہا ہے کہ ضلع لوئردیر کے عوام وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کے بے حد مشکور ہیں۔ جنہوں نے کرونا وائرس سے بچاوٗ اور روک تھام کیلئے یہاں کے عوام کو ریسکیو 1122کی جدید فائر بریگیڈ اور ایمبولینس فراہم کر کے یہاں عملہ بھی تعینات کیا ہے۔ جس کیلئے بلامبٹ بیچلر کالج ہاسٹل خالی کر دیا گیا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بد ھ کے روز ضلع لوئر دیر میں 1122کے سکواڈ کے پہنچنے کے موقع پر کیا۔ معاون خصوصی نے کہا کہ ضلع لوئر دیر کے عوام کایہ دیرینہ مسئلہ تھا۔ جس کو موجودہ حکومت نے حل کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریسکیو کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور جدید طریقوں سے یہاں کے عوام کو طبی اور دیگر ایمر جنسی جیسی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے میں کافی مدد ملے گی۔ کیونکہ کورونا وائرس صرف ہمارے صوبے کا ہی نہیں بلکہ پورے ملک اور پوری دنیا کا مسئلہ بھی بن چکا ہے ۔ جس سے نمٹنے اور عوام کو اس کے تباہ کن اثرات سے بچانے کیلئے پاکستان تحریک انصاف کی وفاقی اور صوبائی حکومتیں ٹھوس اقدامات کر رہی ہیں جن کی نگرانی وفاقی سطح پر وزیر اعظم عمران خان اور صوبائی سطح پر وزیر اعلیٰ محمود خان خود کر رہے ہیں۔ اور تمام شعبوں میں اس سلسلے میں ان تھک کاوشیں کی جا رہی ہیں ۔ لیکن اس ضمن میں عوامی تعاون اور طبی ماہرین کی تجویز کردہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اشد ضرورت ہے کیونکہ احتیاطی تدابیراور حکومت اور طبی ماہرین کے بتائے گئے SOPsپر پوری طرح عمل کرکے ہی اس مہک وباء سے نجات حاصل کی جا سکتی ہے ۔ اسلئے عوام گھر پر رہیں ، محفوظ رہیں اور دن میں کئی بار ہاتھ صابن سے دھوئیں۔