24 گھنٹوں میں زیادہ کیسز آئے ہیں، صورتحال خراب ہو رہی ہے، وزیر اعلیٰ سندھ

April 11, 2020


وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ آج کورونا کے سب سے زیادہ کیسز سامنے آئے ہیں جو ایک انتہائی تشویشناک بات ہے، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ صورتحال خراب ہو رہی ہے ۔

ویڈیو پیغام میں وزیر اعلیٰ سندھ نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 104 کورونا کے کیسز سامنے آئے ہیں جو مجموعی ٹیسٹ کا 20 فیصد ہیں اور یہ دنیا کی سب سے زیادہ اوسط ہے جو کہ تشویش کا باعث ہے ۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم نے گزشتہ 24 گھنٹوں میں 531 ٹیسٹ کیے جس میں 104 یعنی 20 فیصد مثبت آئے ، جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 6 اموات بھی ہوئی ہیں جو کہ ایک زیادہ تعداد ہے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ موجودہ اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ صورتحال خراب ہورہی ہے اور اس معاملے میں اہم وجہ لاک ڈائون پر سختی سے عملدرآمد کا نہ ہونا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ جب تک صوبے میں لاک ڈائون پر سختی سے عمل ہو رہا تھاتو صورتحال بہتر تھی ۔

انہوں نے بتایا کہ ملیر میں لاک ڈائون کافی کمزور تھا جس کو میں نے آج مزید سخت کرنے کی ہدایت دی ہے ، اس کے علاوہ حیدرآباد میں بھی کیسز کی تعداد بڑھ رہی ہے جس کی وجہ سے آج سے وہاں بھی لاک ڈائون سخت کیا جا رہا ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے اپنے ویڈیو پیغام میں اچھی خبر دیتے ہوئے بتایا کہ ابھی تک 371 لوگ صحتیاب ہوکر اپنے گھروں کو واپس چلے گئے ہیں جبکہ آج مزید 13 لوگ صحتیاب ہوکر اپنے گھروں کو روانہ ہوں گے۔