سوئس پہاڑ پاکستانی پرچم کے رنگ میں رنگ گیا

April 27, 2020


دنیا بھر میں تیزی سے پھیلتے جان لیوا کورونا وائرس سے دوچار پاکستان سے اظہار یکجہتی کرنے کے لیے سوئزرلینڈ کے قصبے زرمٹ کے مشہور پہاڑ میٹرہارن کو پاکستانی جھنڈے کے رنگ میں رنگ دیا گیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ’زرمٹ میٹرہارن‘ کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر پاکستانی پرچم میں رنگے پہاڑ کی تصویر شیئر کی گئی۔

ٹوئٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ پاکستان جہاں سوئیزر لینڈ جیسے بلند پہاڑ موجود ہیں، وہاں کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلاؤ کے سبب ہم پاکستانی عوام کیساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں اور ان کی ہمت کیلئے دعا گو ہیں۔

اپنے طرز کے اس مختلف اظہارِ یکجہتی پر ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے اس خوبصورت پیغام کے لیے سوئزرلینڈ حکام کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے اپنے پیغام میں یہ بھی لکھا کہ سوئس کنفیڈریشن کے عوام کی طرح پاکستان کے عوام بھی صبر و تحمل سے اس وبا کا مقابلہ کررہے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی لکھا کہ ہم باہمی تعاون کے ذریعے اس عالمی بحران پر جلد قابو پالیں گے۔

میٹرہارن پر ناصرف پاکستانی پرچم بلکہ ایران، جنوبی افریقا اور بھارت سمیت دیگر ممالک کے پرچم بھی روشن کئے گئے۔

سینیٹر فیصل جاوید خان نے بھی اپنے ایک سوشل میڈیا پیغام میں میٹرہارن پر آویزاں پاکستانی پرچم کی تصویر شیئر کی۔

انہوں نے بتایا کہ اس کا مقصد کورونا جیسی عالمی وبا سے نمٹنے کے سلسلے میں تمام پاکستانیوں کو امید اور طاقت کا پیغام بھیجنا ہے۔