عید کے موقع پر شہریوں کو نئے نوٹ نہیں ملیں گے

May 04, 2020

کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے حکومتی پالیسی پر عمل درآمد کرتے ہوئے اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے اس سال عیدالفطر کے موقع پر نئے کرنسی نوٹ جاری نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے تمام چیف مینیجر کو جاری کیے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ 29 اپریل کو ہونے والی میٹنگ میں یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ اس سال عید الفطر کے موقع پر شہریوں کو نئے نوٹ جاری نہیں کیے جائیں گے۔

اعلامیہ کے مطابق اس فیصلے کا اطلاق اسٹیٹ بینک کے ملازمین اور دیگر تمام بینکوں پر بھی ہوگا۔

اسٹیٹ بینک نے تمام چیف منیجرز کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ اس فیصلے پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔

ذرائع کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے یہ اقدام بینکوں میں سماجی فاصلہ رکھنے اور کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے کی جانے والی حکومتی کوششوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا۔