میک ان پاکستان پالیسی شروع کرنے کا یہ سنہری موقع ہے، عبدالرزاق داؤد

May 05, 2020

مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے سبب جاری اس صورتحال میں پاکستان کے لیے میک ان پاکستان پالیسی شروع کرنے کا سنہری موقع ہے۔

عبدالرزاق داؤد نے اپنے ایک بیان میں ’میک ان پاکستان پالیسی‘ پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس نے پوری دنیا کو بدل کر رکھ دیا ہے، کاروبار کے طریقے بدل جائیں گے، مشکل حالات نئے مواقع پیدا کرتے ہیں، نئی سوچ نئی مصنوعات کے لیے جگہ بنے گی، مستقبل میں کاروبار کے طریقہ کار مختلف ہوں گے۔

عبدالرزاق داؤد نے کہا ہے کہ پاکستان کے پاس اس صورتحال میں میک ان پاکستان پالیسی پر کام کرنے کا سنہری موقع ہے، کورونا کے باعث بہت سے کاروبار بند ہونے کے دہانے پر ہیں جبکہ کئی مزدور اپنی ملازمتیں کھودیں گے۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ ان حالات میں درآمدات کے بجائے پاکستان میں مصنوعات بنانا ہوں گی، درآمدات کو روک کر مینوفیکچرنگ کو بڑھایا جائے، درآمد میں کمی اور مقامی مصنوعات کی پیداوار بڑھانے کے لیے پالیسی بنانا ہوگی۔

عبدالرزاق داؤد کا کہنا تھا کہ مقامی مینوفیکچرنگ کے لیے ٹیرف اسٹرکچر بدل رہے ہیں، پاکستان کے لیے پالیسی میں تبدیلی وقت کی اہم ضرورت ہے۔

مشیر تجارت نے کہا ہے کہ وزارت تجارت آئندہ بجٹ میں ٹیرف اسٹرکچر بدل کر مقامی پیداوار کو سہولتیں دے گا، میک ان پاکستان پالیسی پر عملدرآمد کے لیے مقامی مینوفیکچرنگ کو فروغ دیا جائے گا، ٹیرف اسٹرکچر سے میک ان پاکستان پالیسی کا آغاز ہوگا۔