پاک بھارت امن عمل معطل ہے، پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط

April 07, 2016

بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے کہا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان امن عمل معطل ہے اور کسی سطح پر کوئی مذاکرات طے نہیں ہیں، بھارت کی تحقیقاتی ٹیم کے بھی پاکستان آنے کا امکان نہیں ہے۔

نئی دہلی میں تقریب سے خطاب اور صحافیوں سے گفتگو میں پاکستانی ہائی کمشنر کا کہنا تھا کہ پائیدار امن کے لیے کوئی شارٹ کٹ نہیں ہے ،پاکستان اور بھارت کو جامع اور بامقصد مذاکرات کی ضرورت ہے لیکن بھارت اس کے لیے تیار نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میرا خیال ہے کہ اس وقت دو طرفہ مذاکرات کا عمل معطل ہے، دیکھنا ہے کہ ہم اسے دوبارہ شروع کرپاتے ہیں یا نہیں ،پاکستان مذاکرات کے آغاز کے لیے انتظار کرسکتا ہے۔


عبدالباسط کا کہنا تھا کہ اگر بھارت تیار نہیں ہے تو ہم ہمیشہ انتظار کرسکتے ہیں ،کیونکہ جہاں تک پاکستان کا تعلق ہے تو وہ مسائل کے حل کے لیے ہمیشہ مذاکرات کو اہم تصور کرتا ہے۔

پٹھان کوٹ حملے کی تحقیقات کے لیے بھارتی ٹیم کی پاکستان آمد کے سوال پر عبدالباسط کا کہنا تھا کہ یہ مقابلے کی بات نہیں، دوطرفہ تعاون کا معاملہ ہے، لیکن فی الحال بھارتی تحقیقاتی ٹیم کی پاکستان آمد کا امکان نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ کل بھوشن یادو کی گرفتاری سے ثابت ہوتا ہے کہ بھارت پاکستان میں بے امنی پھیلا رہا ہے۔