پاکستان میں ڈومیسٹک فلائٹس بحال کرنے کا نوٹم جاری

May 15, 2020

حکومت پاکستان نے اندرون ملک محدود فلائٹ آپریشن بحال کر دیا، جس کا نوٹم بھی جاری کردیا گیا ہے۔

ترجمان ایوی ایشن ڈویژن کا کہنا ہے کہ اندرون ملک شیڈول اور چارٹر پروازوں کا آغاز 16 مئی سے ہوگا۔

ترجمان ایوی ایشن ڈویژن کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ ایئرپورٹس سے پروازیں چلائی جائیں گی۔

ایوی ایشن ڈویژن نے اندرون ملک پروازوں کا نوٹم جاری کردیا ہے۔

کل سے20 فیصد لوکل پروازیں شروع ہوجائیں گی، غلام سرور خان

اس سے قبل وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان کا کہنا تھا کہ کل سے 20 فیصد اندرون ملک پروازیں شروع ہوجائیں گی۔

ایوی ایشن ڈویژن کے نوٹم کا عکس

غلام سرور خان کا اپنے ایک ویڈیو بیان میں کہناتھا کہ کل نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) میں ڈومیسٹک پروازیں کھولنے کا حتمی فیصلہ کیا گیا ہے، کل سے 20 فیصد لوکل پروازیں شروع کر دی جائیں گی۔

غلام سرور خان نے کہا ہے کہ فلائٹ آپریشن لاہور، اسلام آباد ، کراچی ، کوئٹہ اور پشاور میں شروع ہوں گی۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ اندرون ملک پروازوں کے لیے نشستوں میں سماجی فاصلے کو مد نظر رکھا جائے گا۔

غلام سرور خان کا کہنا تھا کہ مسافروں کو محفوظ طریقے سے سفر کرنے کی سہولت میسر ہوگی۔