افطاری پر پکوڑے، سموسے اور کچوری بنائیں

May 16, 2020

ماہ رمضان میں طرح طرح کے پکوانوں سے دسترخوان سج جاتے ہیں اور ہر کوئی اپنی خواہشات کے مطابق افطاری کا اہتمام کرتا ہے۔ ہمارے یہاں تقریباً ہر گھر میںافطار کے وقت پکوڑے دسترخوان کا لازمی حصہ ہوتے ہیں جبکہ سموسے اور راج کچوری بھی اکثر و بیشتر کھائی جاتی ہے۔ خواتین مختلف ریسیپیز سے یہ اشیا تیار کرتی ہیںتاکہ گھر والوںکو نت نئے ذائقے کھانے کو ملیں۔ یہی وجہ ہے کہ آج ہم بھی آپ کے لیے پکوڑوں، سموسوں اور راج کچوری کی چند تراکیب لے کر آئے ہیں۔

دال مونگ پکوڑا

درکار اجزاء:

مونگ کی دال ۔ ایک پاؤ

لہسن کا پیسٹ ۔ ایک چائے کا چمچ

پسا گرم مسالہ ۔ ایک چائے کا چمچ

پسا زیرہ ۔ ایک چائے کا چمچ

پسی ہلدی ۔ ایک چائے کا چمچ

پسی لال مرچ ۔ دو کھانے کے چمچ

میٹھا سوڈا۔4/1چائےکا چمچ

تیل ۔ تلنے کے لئے

نمک ۔ حسب ذئقہ

ترکیب:

مونگ کی دال صاف کر کے بگھولیں اور اس میںمیٹھا سوڈا بھی ڈال دیں۔ ایک گھنٹے بعد دال کو پیس لیں۔ اب مکسنگ باؤل میں دال کا پیسٹ، لہسن کا پیسٹ، پسا گرم مسالہ ، پسا زیرہ، ہلدی، لال مرچ اور نمک ڈال کر کے پھینٹ لیں۔ پھر فرائنگ پین میں تیل گرم کر کے مکسچر کو پکوڑوں کی طرح فرائی کرلیں۔ آخر میں انھیں ڈش میں نکال کر گرم گرم پیش کریں۔

مٹن بریڈ پکوڑا

درکار اجزاء:

بغیر ہڈی مٹن بوٹی۔ دس عدد

بریڈ کر مز۔ایک پیکٹ

انڈے کی سفیدی ۔دو عدد

ہری مرچ ۔چار عددباریک کٹی ہوئی

ڈبل روٹی کے سلائس ۔چھ عدد

کالی مرچ۔ ایک چائے کاچمچ پسی ہوئی

لال مرچ ۔ایک کھانے کا چمچ پسی ہوئی

کارن فلور۔ ایک کھانے کا چمچ

چاول کا آٹا۔ دوکھانے کے چمچ

تیل ۔حسبِ ضرورت

نمک۔ حسبِ ذائقہ

مٹن اُبالنے کے لیے:

لہسن جوئے۔ دو عدد

کالی مرچ ۔چار عدد ثابت

نمک۔ حسبِ ذائقہ

ترکیب:

سب سے پہلے مٹن کو لہسن اور ثابت کالی مرچ ڈال کر اُبالیں اور بالکل باریک کرلیں۔ اب ڈبل روٹی کے سلائسز کے کنارے کاٹ کر تھوڑی دیر پانی میں بھگو کر نرم کرکے پانی نکال دیں۔ پھر مٹن، بریڈ کر مز، سلائسز، لال مرچ، پسی کالی مرچ، ہری مرچ، کارن فلور، چاول کا آٹا، نمک اور دو عدد انڈے کی سفیدی ملا کر اچھی طرح مکس کریں اور تھوڑی دیر کے لیے رکھ دیں۔ اس کے بعد کڑاہی میں تیل گرم کرکے اس میں تیار کیے ہوئے آمیزے کے چھوٹے چھوٹے پکوڑے ڈیپ فرائی کرلیں۔ جب وہ گولڈن براؤن ہو جائیں تو ٹماٹو کیچپ کے ساتھ گرم گرم پیش کریں ۔

تندوری پنیر پکوڑے

درکار اجزاء:

کوٹیج چیز۔ دو پیکٹ

تندوری مسالہ۔ دو کھانے کے چمچ

سفید زیرہ۔ ایک کھانے کا چمچ (بھنا اور پسا ہوا)

کُٹی کالی مرچ ۔ایک چائے کا چمچ

پسی لال مرچ ۔آدھا کھانے کا چمچ

لیموں کا رس ۔ دو عدد لیموں

انڈے ۔تین عدد

کارن فلور۔ دو کھانے کے چمچ

ترکیب:

پہلے کوٹیج چیز کے کیوبز بنا کر اُن میں تندوری مسالہ، بھنا اور پسا سفید زیرہ، کُٹی کالی مرچ، پسی لال مرچ اور لیموں کا رس شامل کرکے اچھی طرح ملا لیں۔ اب انڈے کی سفیدی کو پھینٹ کر اس میں نمک اور کارن فلورمکس کردیں۔ اس کے بعد تیار کیے ہوئے چیز کے کیوبز کو ایک ایک کرکے انڈے کی سفیدی میں ڈبوئیں اور کڑاہی میں گرم کیے ہوئے تیل میں ڈیپ فرائی کرلیں۔ جب وہ گولڈن براؤن ہو جائیں تو انھیں نکال کر گرم گرم پیش کریں۔

پکوڑا سینڈوچ

درکار اجزاء:

بل روٹی۔ آٹھ سلائس

آلو۔ 250گرام (ابلے اور پسے ہوئے)

ہرا دھنیا ۔دو کھانے کے چمچ (کٹا ہوا)

ہری مرچ۔ دو عدد (کٹی ہوئی)

نمک۔ ایک چائے کا چمچ

چاٹ مسالہ۔ ایک چائے کا چمچ

لال مرچ۔ ایک چائے کا چمچ (پسی ہوئی)

دھنیا۔ ایک چائے کا چمچ (ثابت)

زیرہ ۔ایک چائے کا چمچ

انار دانہ۔ ایک چائے کا چمچ

تیل۔ تلنے کے لئے

بیٹر کے لئے:

بیسن۔ ایک کپ

لال مرچ آدھا چائے کا چمچ (پسی ہوئی)

انار دانہ ۔آدھا چائے کا چمچ

چاٹ مسالہ۔ ایک چائے کا چمچ

زیرہ ۔آدھا چائے کا چمچ

دھنیا ۔آدھا چائے کا چمچ (ثابت)

نمک۔ ایک چائے کا چمچ

پانی۔ حسبِ ضرورت

ترکیب:

ایک پیالے میں بیسن، لال مرچ، انار دانہ، چاٹ مسالہ، زیرہ، ثابت دھنیا، نمک اور پانی کے ساتھ بیٹر تیار کریں۔اب ابلے ہوئے آلوؤں میں انار دانہ، لال مرچ، زیرہ، ثابت دھنیا، چاٹ مسالہ، ہرا دھنیا اور ہری مرچ ڈال کر اچھی طرح مکس کرلیں۔ڈبل روٹی کے سلائسز کو کٹر کی مدد سے گولائی میں کاٹ لیں، پھر گولائی میں کٹے ہر سلائس کو چھری کی مدد سے درمیان سے کاٹ لیں۔ اب کٹے ہوئے آدھے سلائس پر آلو کا مکسچر پھیلا کر دوسرا آدھا سلائس اوپر رکھ کر دبا دیں۔ باقی سلائسز کے ساتھ بھی یہی عمل دہرائیں۔ پھر بیسن والے بیٹر میں ڈپ کرکے گرم تیل میں ڈیپ فرائی کرلیں۔ لیجیے مزیدار پکوڑا سینڈوچ تیار ہے۔

پوری پکوڑا

درکار اجزاء:

سبز پیاز ۔چار عدد (کتر لیں)

ہرا دھنیا ۔دو کھانے کے چمچ ( کتر لیں)

لہسن ۔ایک جوا (کتر لیں)

مکئی کے دانے ۔ایک سو تیس گرام

شملہ مرچ ۔ایک عدد (کتر لیں)

انڈے ۔دو عدد

گرم مسالہ ۔آدھا چائے کا چمچ

چکن کاریشہ ۔سو گرام (ابلے ہوئے)

سرخ مرچ پاؤڈر ۔دو عدد چھوٹی (کتر لیں)

میدہ ۔دو کھانے کے چمچ

بیکنگ پاؤڈر ۔دو چائے کے چمچ

تیل ۔ فرائی کے لیے

سوس کے اجزاء:

میدہ ۔ایک کھانے کا چمچ

بران شوگر ۔ تین چائے کے چمچ

پانی ۔آدھا کپ

سویا سوس۔ آدھا کھانے کا چمچ

ترکیب:

سوس کی تیاری کے لیے میدہ کو سوس پین میں ڈال کر ہلکی آنچ پر براؤن ہونے تک بھون لیں۔ اس میں بران شوگر ڈال کر اس کے پگھلنے تک ہلکی آنچ پر پکائیں۔ تھوڑا تھوڑا کر کے پانی ڈالتے جائیں ۔ تیز آنچ کرکے مکسچر کو گاڑھا ہونے تک پکائیں، پھر اس مکسچر کو اتار کر سویا سوس میں مکس کردیں۔

اب ایک پیالے میں پیاز، دھنیا، لہسن مکئی کے دانے اور شملہ مرچ کو مکس کر کے رکھ لیں۔ کسی بلینڈر میں انڈے، چکن کاریشہ،گرم مسالہ اور سرخ مرچ کو اچھی طرح ہموار ہونے تک بلینڈ کرلیں۔ انڈوں کے مکسچر میں میدہ اور بیکنگ پاؤڈر چھڑک دیں اور پھر مکسچر کو سبزیوں کے مکسچر میں انڈیل دیں۔ اب ایک بڑا چمچ اس مکسچر کا بھر کر تیل میں ڈالیں اورچمچ سے گول شکل میں پھیلا دیں۔گولڈن براؤن ہونے تک ہلکا فرائی کریں، پھر تیل سے نکال کر جاذب پیپر پر رکھیں اور سوس کے ساتھ گرم گرم پیش کریں۔

آلو کے سموسے

درکار اجزاء:

گھی۔ ایک کھانے کا چمچ

رائی۔ دو چائے کا چمچ

مٹر کے دانے۔ 100گرام

نمک۔ حسب ذائقہ

گرم مسالہ۔ ایک چائے کا چمچ

ہینگ (پسی ہوئی)۔ ایک چٹکی

آلو۔ 450گرام

میدہ۔ 400گرام

سبزمرچ (کٹی ہوئی)۔ دو

انار دانہ۔ ایک چمچ

ہرا دھنیہ۔ ایک چائے کا چمچ

ترکیب:

آلو اُبال کر کچل لیں۔ ایک کڑھائی میں گھی گرم کر یں اور اس میں لونگ ،ہینگ، رائی کے بیج، مٹر ،ہری مرچ، نمک ،انار دانہ شامل کر دیں اور ہلکی آنچ پر تقریباً دو منٹ پکائیں، پھرکڑھائی کو ڈھک دیں۔ آنچ اور ہلکی کر دیں اور اسے دس منٹ تک پکائیں۔ گرم مسالہ اور سبز دھنیا ڈال کر اچھی طرح ملائیں اور آمیزے کو ٹھنڈا ہونے دیں۔ اب گوندھے ہوئے میدے کو آٹھ مساوی حصوں میں تقسیم کریں اور ہر حصے کو پانچ ڈایا میٹر دائرے میں تہہ کر لیں اور اسے دو حصوں میں نصف دائرے کی شکل میں کاٹ لیں۔ اب ایک نصف دائرہ نما پٹی اٹھائیں اور اسے کون کی شکل میں تہہ کریں، کون بناتے وقت آپ ہلکا سا پانی بھی لگا سکتے ہیں۔ اب ان میں آلوؤں کی بنائی ہوئی پیٹھی بھر کر تیسری طرف سے انہیں بند کر دیں۔ پھر کڑاہی میں تیل یا گھی ڈال کر سموسوں کو اچھی طرح فرائی کریں جب تک یہ گولڈن براؤن نہ ہوجائیں۔

فلاور سموسہ

درکار اجزاء:

سموسے کی پٹی کے لئے

میدہ۔دوکپ

بیکینک پاؤڈر۔ ایک چٹکی

اجوائن۔ایک کھانے کا چمچ

نمک ۔حسب ضرورت

گھی۔ایک کپ

پانی۔حسب ضرورت

زیرہ۔ایک کھانے کا چمچ

آلو بھرنے کے لئے

آلو۔چارسےپانچ عدد

زیرہ۔ایک چائے کا چمچ

نمک۔ حسب ضرورت

لال مرچ (کٹی ہوئی)۔ایک کھانے کا چمچ

خشک ہرا دھنیا۔ایک کھانے کا چمچ

ہرا دھنیا۔ تھوڑا سا

بڑی ہری مرچ(کٹی ہوئی)۔ایک عدد

چکن(ابال لیں)۔حسب ضرورت

ترکیب:

سب سے پہلے سموسے کی پٹی کے لئے تمام اجزاء کو ملا کر بہت اچھا اور کافی دیر تک گوند لیں تاکہ وہ نرم ہوجائے اور پھرتھوڑی دیر کے لئے رکھ دیں۔چکن کو شریڈ کر لیںپھر آلو کو ابال کر سارے مسالے اور چکن ڈال دیں۔ اب آدھا کئے ہوئے حصے کا بھی آدھا کر کے بیل لیں اور کسی بھی گول کٹر سے کاٹ لیں۔ پھر گول حصوں پر انڈے کو برش کریں اور آدھوں پر آلو ڈالیں جبکہ آدھے خالی رہنے دیں۔پھر آدھے خالی والے گولوں کو اوپر رکھ کر کانٹے سے شیپ دیں اور فرائی کرکے مزے سے کھائیں۔

قیمے کے سموسے

درکار اجزاء:

قیمہ۔ آدھا کلو

میدہ ۔ایک پائو

گھی۔250ملی لیٹر

پیاز۔ ایک پائو

لہسن۔ ایک گٹھی

ادرک۔ 25گرام

گرم مسالہ( پسا ہوا)۔ایک چائے کا ایک چمچ

سبز مرچ۔4عدد

سرخ مرچ۔ حسب ذائقہ

نمک۔ حسب ذائقہ

ترکیب:

ایک برتن میں میدہ ڈالیں اور اس میں دو کھانے کے چمچے گھی یا تیل ملا کر اسے سخت گوندھ کر رکھ لیں۔ ایک دیگچی میں آدھا گھی یا تیل گرم کرکے اس میں پیاز کاٹ کر ڈال لیں۔ جب پیاز بادامی رنگ کی ہوجائے تو قیمہ، لہسن، ادرک اور سبز مرچ کاٹ کر ڈال لیں۔ اسے خوب بھون لینے کے بعد نمک اور سرخ مرچ بھی ڈال دیں۔ تھوڑی دیر کے بعد ایک پیالی پانی ڈال کر ڈھکنا بند کر دیں تاکہ قیمہ اچھی طرح گل جائے۔ جب قیمہ گل جائے اور پانی بالکل خشک ہوجائے تو پسا ہوا گرم مسالہ ڈال کر پانچ منٹ بعد اتار لیں۔ اب گوندھے ہوئے میدے کے چھوٹے چھوٹے پیڑے بنا کر بیل لیں۔ آدھے حصے میں تیار کیا ہوا قیمہ رکھیں اور باقی آدھے حصے سے سموسے کو بند کر دیں۔ کناروں کو انگلیوں سے اچھی طرح دبا کر بند کر لیں تاکہ سموسہ کھل نہ جائے۔باقی گھی کو فرائی پان میں ڈال کر ان سموسوں کو تل لیں اور بادامی ہونے پر اتار لیں۔

راج کچوری

درکار اجزاء:

سوجی۔ آدھا کپ

میدہ۔آدھا کپ

ہلدی۔ آدھا چائےکا چمچ

دہی۔2سے3کھانے کے چمچ

نمک ۔حسب ذائقہ

پانی۔ گوندھنےکےلئے

تیل۔فرائی کرنے کے لئے

پاپڑی۔گارنش کےلئے

چھولے بنانے کےلئے:

ابلے چنے۔ ایک کپ

لال مرچ پاؤڈر۔ایک چائےکا چمچ

چاٹ مسالہ۔آدھا چائےکا چمچ

نمک۔ حسب ضرورت

کٹی پیاز۔آدھا کپ

کھجور املی کی چٹنی کے لئے:

کھجور۔1 پاؤ

املی کا پلپ۔4 سے5 کھانےکے چمچ

نمک۔ حسب ضرورت

فوڈ کلر۔1 چٹکی

ترکیب:

ڈو بنانے کےلئے ایک باؤل میں سوجی، میدہ، ہلدی، دہی اور نمک کو پانی کے ساتھ گوندھ لیں۔ اب اس کے پیڑے بنائیں اور تیل لگا کر پوری کی طرح بیل لیں۔ لکڑی کے چمچ پر چپکا کر گرم تیل میں چمچ سمیت رکھ دیں۔ جب تھوڑا پک جائے تو چمچ کو نکال لیں اور پوری فرائی کریں۔ چھولے بنانے کےلئےابلے چنے میں لال مرچ، چاٹ مسالہ، پیاز اور نمک ڈال کر مکس کرلیں۔ فلنگ کے لئے پوری میں چھولے، پھلکیاں اور پاپڑی ڈال کر ان کے اوپردہی ڈال لیں۔ رائتہ اورکھجوراملی کی چٹنی سے گارنش کریں۔ بادام کے پتوں پر رکھ کر سرو کریں۔

کھجور املی کی چٹنی بنانے کے لیے ایک بلینڈر میں کھجور، املی کا پلپ، نمک، پانی اور فوڈ کلر ڈال کربلینڈ کرلیں۔ پھلکیاں بنانےکےلئے پھلکیوں کو پانی میں بھگو کر اس کا پانی نکال لیں۔ پھر اس میں دہی شامل کرکے مکس کرلیں۔

آلو کی کچوری

درکار اجزاء:

آلو۔ ایک کلو(ابال کر بھرتہ بنا لیں)

لال مرچ۔ ایک کھانے کا چمچ

کالی مرچ۔ ایک چائے کا چمچ

بھنا سفید زیرہ (پسا ہوا)۔ آدھا چائے کا چمچ

رائی (موٹی کٹی ہوئی)۔ آدھا چائے کا چمچ

نمک۔ چار عدد

پو دینہ/ہرا دھنیا ۔آدھا ،آدھا کپ

سفید آٹا۔ آدھا کلو

گُڑ ۔کھانے کے دو چمچ( شیرہ بنا لیں)

اجوائن ۔آدھا چائے کا چمچ

میٹھا سوڈا ۔تین چوتھائی چائے کا چمچ

تیل۔ ڈیپ فرائنگ کے لئے

ترکیب:

آلو کے بھرتے میں سارا مسالہ اچھی طرح مکس کر لیں اور آدھے گھنٹے کے لئے چھوڑ دیں۔ آٹے میں ساری چیز یں ملا کر نیم گرم پانی سے گوندھ لیں۔ آٹا اتنا نرم ہو کہ ہتھیلی پر آسانی سے پھیل سکے۔ پھر آدھا گھنٹہ چھوڑ دیں۔ ہتھیلی گیلی کر کے پوری کے پیڑے کے برابر آٹا پھیلائیں۔ درمیان میں آلو رکھیں اور ہاتھ گیلا کر کے چاروں طرف سے اٹھاکر پیڑے کو بند کر دیں۔ آہستہ سے دبا کر پیڑے کو ذرا پھیلا دیں۔ کڑاہی میں تیل گرم کر کے کچوریاں ہلکی آنچ پر ڈیپ فرائی کر یں۔ سنہری اورپوری کی طرح پھول جائیں توپلیٹ میں نکال لیں۔ دہی کے رائتہ یا ہری چٹنی کے ساتھ پیش کریں۔

دال کچوری

درکار اجزاء:

آمیزے کےلئے

میدہ(چھنا ہوا)۔2 پیالی

نمک۔حسب ضرورت

گھی۔2 کھانےکے چمچ

تیل۔ تلنے کے لئے

کچوری میںبھرنے کے لئے

چنے کی دال(ابلی ہوئی)۔ایک پیالی

بھنا اور کٹا ہوا سفید زیرہ۔ایک کھانےکا چمچ

ثابت گول لال مرچ۔ 6 عدد

نمک۔ حسب ذائقہ

ترکیب:

ایک پیالے میں میدہ، گھی اور نمک ملا کر نیم گرم پانی سے گوندھ لیں۔بلینڈر میں کچوری میں بھرنے کے تمام اجزاء یکجان کرلیں۔ آٹے کے چھوٹے چھوٹے پیڑے بنائیں، انہیں ہاتھ کی مدد سے پھیلائیں اور دال کا آمیزہ بھر کر دوبارہ پیڑے بنالیں۔ تھوڑی دیر رکھنےکے بعد انہیں بیل لیں۔ کڑاہی میں تیل گرم کریں اور کچوریاں سنہری تل کر جاذب کاغذ پر نکال لیں۔