طالبان اور افغان حکام پر امن معاہدے پر عملدرآمد کیلئے زور دیا ہے، خلیل زاد

May 21, 2020

افغان مفاہمتی عمل کے لیے امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے طالبان رہنماؤں اور افغان حکام سے ملاقاتوں میں امن معاہدے پر جلد عملدرآمد اور افغانستان میں تشدد کم کرنے پر زور دیا ہے۔

سوشل میڈیا پر جاری بیان میں زلمے خلیل زاد نے بتایا کہ دوحا میں ملا برادر اور طالبان سیاسی کمیشن کے ارکان سے کی گئی ملاقاتوں میں امریکا، طالبان امن معاہدہ، انسداد دہشت گردی اقدام، بین الافغان مذاکرات، امریکی فوجیوں کے انخلا سے متعلق بات چیت ہوئی۔

انھوں نے کہا کہ افغانستان میں پُرتشدد کاروائیوں میں دونوں فریقین کی جانب سے کمی اور جنگ بندی پر تبادلہ خیال ہوا، طالبان رہنماؤں نے امن معاہدے کی پاسداری اور اس پرعملدرآمد کی یقین دہانی کرائی ہے۔

زلمے خلیل زاد نے بتایا کہ کابل میں افغان صدر اشرف غنی اور افغان قومی مفاہمتی اعلیٰ کونسل کے سربراہ عبداللّٰہ عبداللّٰہ سے ملاقات میں بھی تشدد میں کمی، امن معاہدے پر جلد عملدرآمد، قیدیوں کی رہائی اور بین الافغان مذاکرات شروع کرنے پر بات ہوئی۔