فیس بک کا آن لائن کاروبار کیلئے نیا فیچر متعارف کرانے کا اعلان

May 22, 2020

کراچی (نیوزڈیسک)سوشل نیٹ ورک پلیٹ فارم ʼفیس بک نے ʼشاپس کے نام سے نیا فیچر متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔اس فیچر کی بدولت چھوٹے کاروباری اداروں کو ʼفیس بک اور ʼانسٹاگرام پر بلا معاوضہ آن لائن اسٹور قائم کرنے کا موقع ملے گا جہاں وہ فروخت کے لیے مختلف اشیا پیش کر سکیں گے۔فیس بک کے بانی سربراہ مارک زکربرگ کا کہنا ہے کہ نئے فیچر سے چھوٹے کاروباری اداروں کے لیے آن لائن کاروبار کرنا آسان ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اگر کوئی ادارہ یا فرد اپنی دکان یا ریستوران کسی دن نہیں کھول سکا تو اس فیچر کی بدولت اسے آن لائن آرڈر لینے میں مدد ملے گی اور گاہک کو بھی اس فیچر کے ذریعے اپنا مطلوبہ سامان یا آرڈر گھر کی دہلیز پر ہی مل سکے گا۔زکربرگ کا یہ بھی کہنا تھا کہ کرونا کی وبا کے دوران انہوں نے بہت سے چھوٹے کاروباری اداروں کو پہلی بار آن لائن بزنس کا حصہ بنتے دیکھا ہے۔ لہٰذا اس فیچر کے ذریعے چھوٹے کاروباری اداروں اور تاجروں کے لیے آن لائن بزنس کرنا آسان ہو جائے گا۔