دبئی: کورونا کیخلاف فرنٹ لائن ہیروز سے اظہار یکجہتی

May 24, 2020

دنیا بھر میں طبی عملہ عالمی وباء کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں مصروف ہے اور اُن کی خدمات کو ہر طبقہ فکر مختلف انداز میں خراج تحسین پیش کررہا ہے۔

دبئی میں بھی عید پر کورونا وائرس کے خلاف لڑنے والے فرنٹ لائن ہیروز سے اظہار یکجہتی کیا گیا۔

ریاست دبئی کے ولی عہد حمدان بن محمد نے فرنٹ لائن ہیروز سے ملاقات کی۔

حمدان بن محمد نے دبئی ایمبولینس، ہیلتھ ورکرز اور دبئی فائر بریگیڈ کے اہلکاروں سے ملاقات کی اور عید پر بھی اپنے فرائض انجام دینے پر شکریہ ادا کیا۔

دوسری جانب دبئی کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ریاست میں کورونا کے 781 نئے کیسز سامنے آگئے، جس کے بعد متاثرین کی تعداد 29,485 ہوگئی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 35 ہزار ٹیسٹ کئے گئے۔

وزارت صحت کے مطابق مزید 561 کورونا کے مریض صحتیاب ہوئے، ابھی تک 15,056 صحتیاب ہوچکے ہیں۔

وزارت صحت کا مزید کہنا ہے کہ ایک اور شخص کورونا سے انتقال کرگیا، مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 245 ہوگئی ہے۔