کشمیریوں نے 5 اگست سے جاری لاک ڈاؤن میں عید گزاری، فیاض الحسن

May 25, 2020

وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کاکہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں نے 5 اگست سے جاری لاک ڈاؤن میں عید گزاری۔

لاہور میں وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کا اپنے ایک بیان میں کہنا ہے کہ عید کے پرمسرت موقع پر بھی بھارتی ریاست جارحیت سے باز نہ آئی، ظلم و استبداد کے سائے میں عید منانے والے بہادر کشمیریوں کو ہمارا سلام ہے۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ سب جانتے ہیں کشمیریوں نے ہمیشہ پاکستان کے ساتھ عید منائی ہے۔ بھارت کشمیریوں کو ڈرا دھمکا کر خطے میں ہندو آبادکاری کی سازش کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مودی سرکار جعلی پولیس مقابلوں اور گھروں پر حملوں سے کشمیری عوام کو دھمکا رہی ہے، کشمیری عوام اپنے آپ کو تنہا نہ سمجھیں۔

فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان کشمیر کا مقدمہ ہر فورم پر لڑے گا۔