25 سے 34 سال عمر کا 14 میں سے ایک فردریلیشن شپ کا خواہش مند

May 27, 2020

لندن (پی اے) 25 سے 34 سال عمر کا 14 میں سے ایک فرد اپنے ریلیشن شپ ختم کرنا چاہتا ہے۔ ریسرچ کے مطابق 20 سے 30 سال کی عمر میں جو لوگ اپنے ریلیشن شپ کا خاتمہ چاہتے تھے، ان کی تعداد لاک ڈائون کے دوران چھلانگ لگا کر بہت زیادہ ہوگئی۔ مئی کے مہینے میں ایویوا کی جانب سے کئے گئے سروے میں 14 میں سے ایک (7 فیصد) نے بتایا کہ وہ اپنے ریلیشن شپ کا خاتمہ چاہتے ہیں۔ لاک ڈائون کے حالات میں اپنے پارٹنرز کے ساتھ کئی مہینے انتہائی قربت میں گزارنا یا شاید جوڑے کا ساتھ نہ رہنا ممکنہ طور پر کچھ لوگوں کیلئے آخری وجہ ہو۔ ایویوا کی جانب سے اسی عمر کے گروپ سے تعلق رکھنے والوں سے دسمبر 2019 میں کئے گئے سروے میں صرف 2 فیصد افراد اپنے پارٹنرز سے علیحدگی کے بارے میں سوچ رہے تھے۔ سروے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دوسری عمروں کے گروپ سے تعلق رکھنے والے افراد میں بھی ریلیشن شپ ختم کرنے کی خواہش میں معمولی اضافہ ہوا ہے۔ 16 سے 24 سال عمر کےافراد جو کہ اپنی ریلیشن شپ میں وقت کے خواہشمند تھے، ان کی شرح دسمبر اور مئی کے دوران 3 سے 5 فیصد بڑھ گئی جبکہ 35 سے 44 سال عمر کے گروپ میں یہ شرح 2 فیصد سے 3 فیصد بڑھی۔ بہت سے گھرانوں کو حالیہ مہینوں میں آمدنی سے متاثر ہونے پر دھچکہ لگا، شاید اس کی وجہ ملازمت کا خاتمہ، طویل رخصت یا تنخواہ میں کٹوتی تھی، ایویوا کی تحقیق سے یہ بھی پتہ چلا کہ لوگوں کی امیدیں اور خواہشات بھی تبدیل ہوگئی ہیں۔ دسمبر 2019 میں دو تہائی سے زائد (68 فیصد) افراد جو کہ مکان کے مالک نہیں تھے, انہیں مستقبل میں مکان کی ملکیت کی امید تھی۔ تاہم مئی میں صرف 52 فیصد نے پراپرٹی کے رجسٹر میں نام درج ہونے کی امید ظاہر کی۔