بلوچ عوام کے دل پاکستان کیلئے دھڑکتے ہیں،الطاف شاہد

May 27, 2020

برمنگھم ( پ ر ) پاک سر زمین پارٹی برطانیہ کے صدرچوہدری محمد الطاف شاہد نے کہا ہے کہ افواج پاکستان کے دبنگ سپہ سالارجنرل قمرجاویدباجوہ کا دفاع وطن کیلئے عزم واستقلال قابل قدر ہے۔دشمن ملک کی بزدل قیادت پاکستان کیخلاف جارحیت سے باز رہے۔پی ایس پی کے مرکزی چیئرمین سیّدمصطفی کمال اورمرکزی صدرانیس احمدقائم خانی کی قیادت میں ہمارے سرفروش کارکنان مادروطن کی سا لمیت یقینی بنانے کیلئے ہرقربانی کیلئے تیار ہیں۔ سیّدمصطفی کمال کے فلسفہ سیاست کی روشنی میں محب وطن پاکستانیوں نے ایک بارپھر منافرت اورصوبائیت کی سیاست کومسترد کیا بلوچستان میں امن وآشتی،آسودگی اور اخوت کے فروغ کیلئے پی ایس پی کی گرانقدر خدمات کو یقینا ہردورمیں سراہا جائے گا۔ پاکستان آج بھی بلوچ عوام کی وفائوں کامحور ہے اوران کے دل آج بھی پاکستان کیلئے دھڑکتے ہیں۔ بلوچ قوم کے باپ دادانے جس طرح قیام پاکستان کیلئے ناقابل فراموش کردار ادا کیا اس جوش وجذبہ کے ساتھ آج ہم اور ہمارے بچے استحکام پاکستان کیلئے سردھڑ کی بازی لگا رہے ہیں۔ اپنےبیان میں چوہدری محمد الطاف شاہد نے کہا کہ مادر وطن پاکستان کے ساتھ بلوچ عوام کی والہانہ محبت سودوزیاں سے بے نیاز ہے،ہمارے بلوچ بھائی اپنی پاکستانیت پر فخر اور ناز کرتے ہیں۔ بھارتی مسلمانوں کے قتل عام میں ملوث انتہا پسند ہندو درندے بلوچ عوام کے ساتھ ہمدردی کا ڈھونگ نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے بارے میں دشمن ملک کا پروپیگنڈا جھوٹ کاپلندہ ہے، بلوچ عوام نے ماضی میں بھی اس بکواس کو مسترد کر دیا تھا اور یقیناً آئندہ بھی منافق اور مکار بھارت کاکوئی منفی منصوبہ کامیاب نہیں ہوگا۔ گوادر پورٹ کی تعمیروترقی سے بلوچستان سمیت پاکستان میں نیا دور شروع ہوگا اور ہمارے ہم وطن اس کے ثمرات سے مستفیدہوں گے۔ پاک فوج کی دوررس اصلاحات اور موثر اقدامات کے نتیجہ میں بلوچ عوام کا احساس محرومی قصہ پارینہ بن گیا۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ سمیت بلوچستان کے ہر گھر پرپاکستان کے سبزہلالی پرچم لہرا رہے ہیں۔ مٹھی بھر گمراہ نوجوان بھی پاک فوج کی قیادت پر اظہار اعتماد کرتے ہوئے قومی دھارے میں واپس آگئے۔ انہوں نے کہا کہ مودی اور اس کے حواری بلوچستان کی بجائے بھارتی مسلمانوں اورکشمیریوں پربدترین ظلم وستم اوران کے حقوق کی پامالی کاحساب دیں۔ قائد اعظم ؒ نے بلوچستان کیلئے جوخواب دیکھے تھے بلوچ عوام انہیں شرمندہ تعبیر کریں گے۔