رحیم یار خان: ٹڈی دل کا حملہ، فصلیں اور باغات تباہ

May 27, 2020


پنجاب کے ضلع رحیم یار خان میں ضلعی انتظامیہ کی مبینہ غفلت اور لاپروائی کے باعث ٹڈی دل نے تباہی مچادی ہے۔

ٹڈی دل کے حملے کے باعث کپاس کی فصل تباہ ہو گئی جبکہ باغات، درختوں اور گنے کی فصل کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچ رہا ہے۔

کسان رہنماؤں کا کہنا ہے کہ رحیم یار خان اور اس کے گرد و نواح میں ٹڈی دل نے تباہی مچا دی ہے۔

کسانوں نے ڈیڑھ ماہ قبل ٹڈیوں کے انڈوں کے خاتمے کا مطالبہ کیا تھا مگرضلعی انتظامیہ نے کسی قسم کے بھی اقدامات نہیں کیے جس کے باعث کپاس کی فصل مکمل طور پر تباہ ہوگئی ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: بھارت میں ٹڈی دل کا 27 سالوں میں بدترین حملہ

کسان رہنماؤں نے مزید کہا کہ ٹڈی دل کے حملے کے باعث باغات، گھاس، سبزیاں، گنے کی فصل کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچا ہے۔

اے سی کوآرڈینیشن ریاست علی نے دعویٰ کیا ہے کہ ٹڈی دل کے حملہ آور علاقوں میں اسپرے کرایا جا رہا ہے اور ٹڈی دل کو تلف کیا جا رہا ہے۔