طیارہ حادثہ: لواحقین کو لاشوں کی حوالگی کا مرحلہ 7 روز میں مکمل ہوجائے گا، عذرا پیچوہو

May 27, 2020



وزیر صحت سندھ عذرا پیچوہو کا کہنا ہے کہ لواحقین کو لاشوں کی حوالگی کا مرحلہ 7 روز میں مکمل ہوجائے گا، ڈی این اے میچنگ کے لیے لیبارٹری 24 گھنٹے کام کر رہی ہے۔

صوبائی وزیر صحت عذرا پیچوہو نے کہا کہ لواحقین سے ڈی این اے سمپلز لینے کا مرحلہ مکمل ہوگیا ہے، فارنزک لیبارٹری انٹرنیشنل سینٹر فار کیمیکل اینڈ بایولوجیکل سائنس کے پاس ہے۔

انہوںنے کہا کہ لیبارٹری 2019 میں قائم کی گئی، اس میں ڈی این اے سے متعلق سہولتیں موجود ہیں۔

عذرا پیچوہو نے کہا کہ 97 میں سے 43 لاشیں شناخت کے بعد ورثہ کے حوالے کردی گئی ہیں۔

ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کہا کہ محکمہ صحت نے 54 لاشوں اور 59 لواحقین کے نمونے ڈی این اے کے لیے بھیجے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں 59 لواحقین کی ڈی این اے پروفائلنگ کردی گئی ہے جبکہ اب تک 6 لاشوں کی شناخت کے سلسلے میں رپورٹ جمع کروادی گئی ہے۔

عذرا پیچوہو نے کہا کہ شناخت ہوجانے والی لاشوں کو آج قانونی کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردیا جائے گا۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ چاہتے ہیں جتنا جلدی ہوسکے ورثاء کو ان کے پیاروں کی میتیں حوالے کی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ طیارہ حادثہ میں جاں بحق افراد کے خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔