طیارہ حادثہ، 97 لاشوں میں سے 50 کی شناخت، ورثا کے حوالے

May 29, 2020

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی یونیورسٹی میں سندھ فرانزک ڈی این اے اور سیرولاجی لیبارٹری کا دورہ کیا ۔انہوں نے کہا کہ طیارے کے حادثے میں ہلاک ہونے والے مسافروں کے لواحقین کو شدید تکلیف ہو رہی ہے یہ درد پوری زندگی ان کے دلوں میں رہے گا لیکن ہم ڈی این اے کے ذریعے شناخت کرنے کے بعد لاشیں ان کے حوالے کرکے اُن کے اس دردکو کم کرسکتے ہیں۔وزیراعلیٰ سندھ کو بریفنگ دیتے ہوئے لیب انچارج نے بتایا کہ 97 لاشوں میں سے 50 کی شناخت کرکے ان کے ورثاء کے حوالے کردی گئی ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت 29 لاشیں ایدھی کے مردہ خانوں میں اور 18 چھیپا میں رکھی ہوئی ہیں ۔وزیر اعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ ڈی این اے کے ذریعے 12 لاشوں کی شناخت کی گئی ہے ڈی این اے کے توسط سے شناخت کی گئی تین دیگر لاشوں کو بھی اُن کے ورثا کے حوالے کردیا گیا ہے۔