اوول کرکٹ گراؤنڈ میں احتیاطی تدابیر کے تحت میچز کی تیاری

May 29, 2020

کراچی (اسٹاف رپورٹر) انگلش کاؤنٹی سرے کاؤنٹی انتظامیہ نے کورونا احتیاطی تدابیر کے حوالے سے منصوبہ بندی شروع کرتے ہوئے 25 ہزار 500 تماشائیوں والے اوول گراؤنڈ میں 6 ہزار تماشائیوں کے میچ دیکھنے کے پلان کی تیار ی شروع کردی ہے۔ کورونا وباء کے تناظر میں سرے کائونٹی کا کہنا ہے کہ سماجی فاصلے کے اصولوں کو اپناتے ہوئے کرکٹ کی سرگرمیاں شروع ہو ئیں تو تماشائیوں کی تعداد کو کم رکھا جا سکتا ہے۔ واضح رہے کہ اوول گراؤنڈ نے شیڈول کے مطابق ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ کی میزبانی کرنا تھی ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ویسٹ انڈیز انگلینڈ سیریز جون کی بجائے اب جولائی میں شیڈول کی جا رہی ہے۔ دوسری جانب اسپورٹس ماہرین کا کہناہے کہ موجودہ حالات دیکھتے ہوئے رواں سیزن میں اوول میں انٹرنیشنل میچز کا انعقاد ممکن دکھائی نہیں دے رہا ہے۔