کچھ چیمپئنز اسپورٹس مین اسپرٹ کے امتحان میں ناکام ہوئے،وقار

May 29, 2020

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ اور ماضی کے عظیم فاسٹ بولر وقار یونس نے بھی آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2019میں بھارت اور انگلینڈکے میچ پر سوال اٹھادیا ہےوقار یونس نے بھارت کی انگلینڈ کے ہاتھوں شکست کے بعد سوشل میڈیا پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپ جو زندگی میں کرتے ہیں اسی سے پتہ چلتا ہے کہ آپ کیا ہیں ۔ اس سے قطعی پریشان نہیں ہوں کہ پاکستان سیمی فائنل میں پہنچا ہے یا نہیں ،کچھ چیمپئیز کی اسپورٹسمین شپ کا امتحان ہوا ہے وہ اس میں بری طرح ناکام ہوئے تھے وقار یونس نے سیمی فائنل میں بھی بھارت کی نیوزی لینڈ سے شکست کے بعد تبصرہ کیا تھا کرکٹ بہت ظالم کھیل ہے جلد ہی حساب برابر کر دیتا ہے۔ وقار یونس نے کہا کہ میں نے کرکٹ ورلڈ کپ 2019سے سبق سیکھا کہ کھیل کے ساتھ برا مت کرو ۔ واضح رہے کہ انگلینڈ کے آل راونڈر بین اسٹوکس نے اپنی کتاب میں بھارت اور انگلینڈ میچ پر سوالات اٹھائے ہیں ورلڈ کپ کے دوران یہ باتیں گردش کرتی رہیں کہ بھارت انگلینڈ سے جان بوجھ کر ہارا کہ پاکستان سیمی فائنل میں نہ پہنچ سکے پھر مانچسٹر میں بھارت کو سیمی فائنل میں شکست ہوئی اور نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کے ساتھ سیمی فائنل کھیلنے کے لئیے کوالیفائی کیا۔ انگلش آل راؤنڈر بین اسٹوکس نے اپنی نئی کتاب ’آن فائر‘ میں بھارتی کرکٹ ٹیم کو بے نقاب کردیاہے۔بین اسٹوکس نے اپنی کتاب میں مزید انکشافات کیے ہیں جس کے مطابق دھونی نے ہدف کے تعاقب کی کوشش ہی نہیں کی تھی، کیدار یادو اور دھونی کی پارٹنر شپ پر اسرار تھی۔انگلش آل راؤنڈر نے کہا کہ مہندر سنگھ دھونی کی ساری توجہ سنگل لینے پر رہی وہ بڑی ہٹ مار کر میچ کا پانسہ پلٹ سکتے تھے، میچ ہار کر بھارت نے جان بوجھ کر پاکستان کو نقصان پہنچایا۔واضح رہے کہ 338 رنز کے تعاقب میں بھارتی ٹیم صرف پانچ وکٹوں پر 306 رنز بناسکی تھی، انگلینڈ کے بولر کرس ووکس اور جوفرا آرچر نے بھارتی بیٹسمینوں کو رنز بنانے سے روکے رکھا تھا لیکن روہت شرما اور ویرات کوہلی کے درمیان عمدہ 138 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی تھی۔بھارتی بیٹسمین کے ایل راہول کی وکٹ 38ویں اوورز میں گری تھی جس کے بعد روہت شرما، ویرات کوہلی اور ہاردیک پانڈیا نے مبینہ طور پر رنز کی رفتار کو سست کیا اور بھارت پاکستان کو ورلڈ کپ سے باہر کرنے کے چکر میں جان بوجھ کر میچ ہار گیا۔