سندھ پولیس کے کورونا سے متاثر ملازمین کی تعداد 326 ہوگئی

May 29, 2020

سندھ میں عید الفطر کی لگ بھگ ایک ہفتے کی چھٹیوں کے دوران پولیس کے 60 سے زائد ملازمین میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد صوبے میں کورونا وائرس کا شکار پولیس افسران اور اہلکاروں کی تعداد 326 ہوگئی ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق گزشتہ عرصے کے دوران سندھ پولیس کی تمام رینجز میں کورونا وائرس میں مبتلا 80 پولیس ملازمین صحتیاب ہو کر گھروں کو چلے گئے ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق گزشتہ عرصے میں دو پولیس افسران سمیت 5 پولیس ملازمین کورونا وائرس کے نتیجے میں جاں بحق ہوچکے ہیں جن کا تعلق کراچی سے ہے۔

سینٹرل پولیس آفس ذرائع کے مطابق 241 پولیس افسران اور ملازمین ابھی بھی کورونا وائرس کا شکار ہیں جنہیں مختلف اسپتالوں، میڈیکل سینٹرز یا ان کے گھروں میں آئسولیٹ کیا گیا ہے۔

کورونا وائرس جیسی عالمی وبا کی روک تھام کے لیے کیے جانے والے لاک ڈاؤن کو مؤثر بنانے کے لیے پولیس فرنٹ لائن سولجر کا کردار ادا کر رہی ہے۔

پولیس چیک پوسٹس پر ڈیوٹی دینے والے پولیس ملازمان کو روزانہ ہزاروں شہریوں کو ڈیل کرنا پڑتا ہے۔ پولیس ملازمین کا یہی عمل ان کے کورونا وائرس کا شکار ہونے کا سبب بن رہا ہے۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن کی طرف سے کورونا وائرس سے جاں بحق پولیس ملازمین کو شہید کا درجہ دینے کے لیے سفارشات سینٹرل پولیس آفس بھیجی جا چکی ہے۔

اگر آئی جی سندھ کی جانب سے بھیجی گئی سمری کو وزیراعلیٰ سندھ منظور کرلیتے ہیں تو کورونا وائرس سے جاں بحق ہونے والے پولیس ملازمین کے لواحقین کو پولیس کے حادثاتی شہداء کی مراعات ملیں گی۔