تحریک انصاف فرانس کے تحت یوم تکبیر کی تقریب

May 30, 2020

پیرس (رضا چوہدری) تحریک انصاف فرانس نے اٹھائیس مئی یوم تکبیر پاکستان کے حوالے سے ایک سادہ تقریب کا اہتمام کیا۔ تقریب میں تحریک انصاف فرانس کے صدر چوہدری گلزار لنگڑیال، قائم مقام صدر شیخ نعمت اللہ، جنرل سیکریٹری چوہدری اعجاز جٹ، ایڈیشنل جنرل سیکرٹری چوہدری ماجد چیمہ، سابق صدر ذوالفقار جٹالہ، سینئر رہنما چوہدری افضال احمد گوڑھا منتاں، چوہدری ثاقب ممتاز مہر پلاہگراں اور دیگر نے شرکت کی۔ اس تقریب میں یوم تکبیر کے حوالے سے کیک کاٹا گیا۔ حاضرین نےپاکستان زندہ باد، پاکستان پائندہ باد، محسن پاکستان زندہ باد، پاک افواج زندہ باد کے نعرے لگائے۔ حاضرین نے اس موقع پر ڈاکٹر عبدالقدیر خان، تمام سائنسدانوں اور ٹیکنیشنز، افواج پاکستان، سیاستدانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایٹمی دھماکوں نے پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر کر دیا، یوم تکبیر یوم پاکستان ہے، یوم تکبیر نے امت مسلمہ کا سر فخر سے بلند کر دیا، پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے کے لئے پاکستان کے عوام، سیاستدانوں، پاک افواج، سائنسدانوں اور تمام ٹیکنیشنز نے دل و جان سے اپنا کردار ادا کیا۔ اور اٹھائیس مئی کو پاکستان دنیا کے نقشے پر پہلی مسلم نیوکلئر اسٹیٹ کی حیثیت اختیار کرگیا۔