ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری

May 30, 2020

ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری

ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے بعد مختلف علاقوں میں گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے۔

پنجاب، بلوچستان اور گلگت بلتستان میں بارش اور تیز آندھی کے ساتھ بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔

ملکہ کوہسار مری، مانسہرہ مالاکنڈ، میں دو روز سے جاری بارش سے موسم خوشگوار ہے۔

کوہ سلیمان کے پہاڑی سلسلوں میں موسلا دھار بارش کے بعد پہاڑی ندی نالوں میں شدید طغیانی ہے۔

ہنزہ میں حسن آباد نالے میں پانی کے بہاؤ میں کمی آنے لگی، پانی کی سطح کم ہونے سے شاہراہ قراقرم بحال کرنے کا کام جاری ہے، گلیشئر پگھلنے سے بہاؤ بڑھ جانے سے باغات، شاہ قراقرم کا ایک حصہ اور زیرِ تعمیر بجلی گھر متاثر ہوئے ہیں، حسن آباد گاؤں کے 9 گھرانوں کو محفوظ جگہ منتقل کردیا گیا ہے۔

ڈیرہ بگٹی میں سیلابی ریلے میں بہہ کر تین افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ دو افراد اب بھی لاپتہ ہیں۔

آزاد کشمیر میں مظفر آباد، میر پور، دھیر کوٹ، وادی نیلم، لیپہ، وادی جہلم میں بارش نے وادی کےحسن کو مزید نکھار دیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے سندھ میں آج اور کل آندھی اور بارش کی پیشگوئی کی ہے۔