کورونا ٹیسٹنگ کی استعداد میں اضافہ کیا گیا ہے‘ سیکرٹری اوقاف

May 31, 2020

راولپنڈی (خصوصی نمائندہ) سیکرٹری اوقاف پنجاب ارشاد احمد نے راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف یورالوجی میں قائم کورونا مینجمنٹ سنٹر اور سپورٹس کمپلکیس میں قائم کورونا فیلڈ ہسپتال کا دورہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) انوار الحق بھی انکے ہمراہ تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے سیکرٹری اوقاف پنجاب کو راولپنڈی کے ہسپتالوں میں کورونا کے مریضوں کے علاج معالجہ اور دیگر سہولیات کے بارے میں تفصیلات بتائیں۔ ایم ایس انسٹی ٹیوٹ آف یورالوجی ڈاکٹر خالد رندھاوا نے کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کو دی جانے والی سہولیات کے بارے میں بریفنگ دی۔ سیکرٹری اوقاف پنجاب ارشاد احمد نے کہا کہ حکومت پنجاب کورونا کے مریضوں کے علاج کیلئے ہرممکن اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ہدایت پر پنجاب بھر میں کورونا ٹیسٹنگ کی استعداد کار میں اضافہ کیا گیا ہے اور مزید ٹیسٹنگ کی تعداد بڑھانے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کیخلاف جاری جنگ میں ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل سٹاف فرنٹ مین کے طور پر لڑ رہے ہیں۔ ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل سٹاف کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جو اپنی جان کو خطرے میں ڈال کر لوگوں کی جانوں کو بچا رہے ہیں۔