پٹرول7.06، مٹی کا تیل11.88، لائٹ ڈیزل9.37 روپے سستا، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں معمولی اضافہ

June 01, 2020

پٹرول7.06، مٹی کا تیل 11.88روپے سستا

اسلام آباد (نمائندہ جنگ / جنگ نیوز) حکومت نے ماہ جون کیلئے پٹرول 7روپے 6پیسے ، مٹی کا تیل 11 روپے 88پیسے اور لائٹ ڈیزل 9روپے 37پیسے سستا کردیا ہے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں معمولی اضافہ کیا گیا ہے ۔

قیمتوں میں ردوبدل کے بعد پٹرول 74 روپے 52پیسے ، مٹی کا تیل 35روپے 56پیسے اور لائٹ ڈیزل 38روپے 14پیسے فی لٹر ہوگیا ،5پیسے اضافہ کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 80 روپے 15 پیسے مقرر کی گئی ہے ، نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری ہوگیا ہے جس کا اطلاق رات 12بجے سے ہوگیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ہم نےپٹرول، لائٹ ڈیزل آئل اور مٹی کےتیل کو مزید سستا کردیا ہے۔ جنوبی ایشیاء کے دیگر ممالک کے مقابلے میں اب ہمارے ہاں ایندھن کم ترین نرخوں پر دستیاب ہے۔

بھارت میں یہ ہم سے دوگنا مہنگا ہے جبکہ بنگلہ دیش، سری لنکا اور نیپال وغیرہ میں اس کے نرخ ہم سے 50سے 75فیصد تک زیادہ ہیں۔ وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود عوام کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کےذریعے ریلیف فراہم کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق حکومت نے ماہ جون کیلئے پیٹرول کی قیمت میں 7روپے 6پیسے فی لٹر، مٹی کا تیل 11 روپے 88 پیسے فی لٹر اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 9روپے 37پیسے فی لٹر کمی کردی ہے جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 5 پیسے فی لٹر اضافہ کر دیا ہے۔

وزارت خزانہ نے گزشتہ روز نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے جنکا اطلاق یکم جون سے ہوگیا ہے ، نئی قیمتوں کے مطابق پیٹرول کی قیمت 81 روپے 58 پیسے فی لٹر سے کم ہو کر 74 روپے 52 پیسے فی لٹر ، مٹی کا تیل 47روپے44 پیسے فی لٹر سے کم ہو کر 35 روپے 56 پیسے اور لائیٹ ڈیزل آئل کی قیمت 47 روپے51 پیسے فی لٹر سے کم ہو کر 38 روپے 14 پیسے فی لٹر ہو گئی ہےاور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت 80 روپے 10 پیسے سے بڑھ کر 80 روپے 15 پیسے فی لٹر مقر رکر دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ حکومت نے اوگرا کی جانب سے سفارش کردہ قیمتوںکے مطابق ردوبدل کی منظوری دی ہے، وزارت خزانہ کے مطابق عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود عوام کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کےذریعے ریلیف فراہم کیا گیا ہے۔