قومی ادارہ برائے امراض قلب میں گارڈز کا مریض اور اس کے اہلخانہ پر تشدد

June 01, 2020

قومی ادارہ برائے امراض قلب میں گارڈز کا مریض اور اس کے اہلخانہ پر تشدد

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)قومی ادارہ برائے امراض قلب میں گارڈز کا مریض اور اس کے اہلخانہ پر تشدد کی ویڈیو وائرل ہوگئی،ویڈیو میں گارڈز کی مریض اور اہلخانہ کے ساتھ بد کلامی کرتے ہوئے واضح دیکھا جاسکتا ہے مریض کے ساتھ خواتین اٹینڈینٹ بھی اسپتال میں موجود ہیں، ویڈیو میں گارڈز مریض اور ان کے اہلخانہ کو ایمرجنسی سے دھکے دےکر باہر نکال رہے ہیں ویڈیو کے آخر میں ایک شخص کی حالت بگڑتے ہوئے بھی نظرآ رہی ہے، قبل ازیں قومی ادارہ برائے امراضِ قلب (این آئی سی وی ڈی) انتظامیہ کی طرف سے سیکیورٹی گارڈ اور مریض کے اہلخانہ کے درمیان گزشتہ شب پیش آنے والے واقعہ کی سخت مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے ایس او پیز کی بنیاد پر مریضوں اور تیمارداروں کے تحفظ کے لئے ایک مریض کے ساتھ ایک سے زیادہ لواحقین پر اسپتال میں داخلہ پر پا بندی ہے، مریض کے ز یادہ لواحقین کی زبردستی ایمرجنسی کے شعبے میں داخلے کی وجہ سے یہ ناخوشگوار واقعہ پیش آیا،مریض کے لواحقین نے پہلے مین گیٹ پر کھڑے این آئی سی وی ڈی عملے سے بھی بدکلامی کی او ر ایمرجنسی کے شعبے میں بھی ایک سے زیادہ لوگ زبردستی داخل ہوئے اورخاتون ڈاکٹرز اور عملے کو حراساں کیا اور روکنے پرگارڈ پرہاتھ بھی اٹھایا جو وڈیو میں صاف نظر آرہا ہے اور بعد میں گالم گلوچ کرتے ہوئے عملے پر سخت تشدد کیا گیااس واقعے کے باوجود مریض کو ہنگامی بنیادوں پر علاج کی سہولیات فراہم کر کے اس کی زندگی بچائی گئی ایسے ناخوشگوار واقعات کچھ دن پہلے جناح، سول اسپتال کراچی اور ملک کے دیگر اسپتالوں میں بھی پیش آچکے ہیں۔