ترقیاتی فنڈز نہ ملنے کیخلاف اراکین کی فوری سماعت کی درخواست مسترد

June 04, 2020

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ نے کراچی کے پیپلزپارٹی اراکین قومی اسمبلی کو ترقیاتی فنڈز جاری نہ کرنے کے خلاف پیپلزپارٹی کے رہنما قادر پٹیل اور دیگر کی درخواست کی فوری سماعت کی استدعا مسترد کردی ہے۔ بدھ کو سندھ ہائی کورٹ میں کراچی کے پیپلزپارٹی اراکین قومی اسمبلی کو ترقیاتی فنڈز جاری نہ کرنے کے خلاف درخواست کی فوری سماعت سے متعلق سماعت ہوئی۔ دوران سماعت جسٹس عمر سیال نے ریمارکس میں کہا کہ کراچی کی عوام کو فکر نہیں ہے، اگر ان اراکین اسمبلی کو ترقیاتی فنڈ مل بھی گیا تو اپنی جیبوں میں ڈال دیں گے، عوام اور ترقیاتی منصوبوں کی اراکین اسمبلی کو جتنی فکر ہے وہ ہمیں بھی معلوم ہے۔ قبل ازیں کراچی کے پیپلزپارٹی کے3اراکین قومی اسمبلی نے وفاقی حکومت کے خلاف سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی تھی، درخواست دائر کرنے والوں میں رکن قومی اسمبلی قادر پٹیل،آغارفیع اللہ اور جام عبدالکریم شامل ہیں۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ کراچی کے 21اراکین قومی اسمبلی میں سے 18کو وفاقی حکومت نے ترقیاتی منصوبوں کے فنڈز جاری کردیے ہیں، وفاقی حکومت نے پیپلزپارٹی کے 3اراکین قومی اسمبلی کو فنڈز جاری نہیں کیے۔